2016 / 17 سندھ اسپورٹس بجٹ میں 74 کروڑ83 لاکھ کا اضافہ

play

play

کراچی (جیوڈیسک) سندھ حکومت نے نئے مالی سال 2016-17 میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت کھیلوں کی ترقیاتی اسکیموں کیلیے 74 کروڑ 83 لاکھ روپے کا خطیر اضافہ کیا ہے، پیش کردہ بجٹ میں49 اسکیموں کے لیے 1 ارب 57 کروڑ 43 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ گذشتہ سال اس مقصد کیلیے 82 کروڑ60 لاکھ روپے رکھے گئے تھے۔

اس مختص رقم میں1 ارب 23 کروڑ 68 لاکھ روپے صوبے میں جاری 24 ترقیاتی اسکیموں کیلیے رکھے گئے ہیں جبکہ 25 نئی ترقیاتی اسکیمیں شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جن کیلیے 33 کروڑ 75 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں،نئے ترقیاتی منصوبوں کے تحت کراچی کے نارتھ ناظم آباد جیمخانہ، بلاک ایچ میں تمام سہولیات فراہم کرنے کے لیے ڈھائی کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، حیدرآباد کے پبلک اسکول میں سینتھٹک ہاکی ٹرف کی تنصب کے لیے بھی اتنی ہی رقم مختص کی گئی ہے، جیکب آباد کے فورس گرائونڈ پرسینتھیٹک ہاکی ٹرف کے لیے بھی ڈھائی کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، ٹنڈوالہیار میں سینتھٹیک فٹبال ٹرف اسٹیڈیم کے لیے 2 کروڑ 12لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں،کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں سندھ بوائے اسکاوٹس گرائونڈ پرتمام ترسہولیات کے ساتھ کثیر المقاصد ہال کی تعمیر کیلیے 1 کروڑ 87 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں، خیرپور کے لقمان ہاکی اسٹیڈیم پر فلڈ لائٹس اور کھلاڑیوں کے ہوسٹل، خیر پور ہی میں کثیر المقاصد ہال اور اسکائوٹ گرائونڈ، سینتھیٹک فٹسال گرائونڈ، اور کراچی کے علاقے گڈاپ کے پبلک اسکول میں اسکواش کورٹ کی بحالی و تزئین و آرائش، گراسی گرائونڈ، پویلین کی تعمیرکے لیے ڈیڑھ،ڈیڑھ کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

مزید براں کشمور کے تعلقہ تانگ وانی میں اسپورٹس پویلین اور گرائونڈ کے لیے 75 لاکھ، کراچی کے فیڈرل بی ایریا ، بلاک 13 میں ٹی ایم سی کرکٹ گرائونڈ پرفلڈ لائٹس کی تنصیب کے لیے 1 کروڑ12 لاکھ ،ٹنڈو محمد خان میں جمنازیم اورکثیرالمقاصد اسپورٹس انڈور ہال کے لیے 1 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، سجاول میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے لیے1 کروڑ37 لاکھ،کیڈٹ کالج لاڑکانہ میں اسپورٹس کمپلیکس کے لیے 75 لاکھ، خیر پور میرس کے ہائی اسکول کھیلوں کی سہولیات کے لیے 75لاکھ، کوٹری ٹائوں میں اسپورٹس کمپلیکس کے لیے1 کروڑ37 لاکھ، تعلقہ کوٹری کے رکٹ گرائونڈ جام شورو کی تعمیر و توسیع کے لیے 75 لاکھ، عمر کوٹ میں اسپورٹس گرائونڈ کے پویلین کے لیے75 لاکھ، کراچی کے علاقے شاہ فیصل کے پنجاب گرائونڈ پر اسٹیڈیم اور ہال کی تعمیر کے لیے 75 لاکھ،گھمبٹ، خیرپور میں گراسی گرائونڈ اور ہال کے لیے 1 کروڑ37 لاکھ، حیدرآباد میںسینتھیٹک ایتھلیٹک ٹریک کی تنصیب کے لیے1 کروڑ75 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔