کراچی : پولیس مقابلوں میں گینگ وار کے چار کارندے اور ایک ڈاکو مارا گیا

Police

Police

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں کے دوران گینگ وار کے چار کارندے اور ایک ڈاکو مارا گیا۔ رینجرز اور پولیس نے مختلف کارروائیوں میں کالعدم تنظیم کے تین دہشت گرد اور گینگ وار کے دو ملزموں کو گرفتار کرلیا۔

شہر قائد میں سال نو کے پہلے ہی روز پولیس اور رینجرز نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کیں۔ سٹی ٹاؤن میں دو پولیس مقابلوں میں گینگ وار کے دو اہم کمانڈر ملا نوید، جہانزیب عرف لاہوتی اور دو کارندے شہریار عرف شیرہ اور جہانگیر مارے گئے۔

گزری میں پولیس مقابلے کے دوران شہریوں سے لوٹ مار کرنے والا ڈاکو ہلاک جبکہ اس کے ساتھی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ملیر محمدی گراؤنڈ کے قریب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

گارڈن پولیس نے کارروائی کے دوران دو ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ ادھر الیاس گوٹھ میں خاتون کو گھر سے اغوا کر لیا گیا۔ لیاری میں رینجرز نےگینگ وار کے کمانڈر جبران اور باسط عرف موت کو دھر لیا۔ رینجرز نے اورنگی ٹاؤن سے بھی کالعدم تنظیم کے دو ملزموں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔