کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والا ملزم طالب علم نکلا

Zakaria

Zakaria

کراچی (جیوڈیسک) گزشتہ رات خیابان راحت پر 4 نوجوانوں سے لوٹ مار کرتے ہوئے مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والا ملزم طالب علم نکلا۔

گزشتہ رات کراچی کے علاقے خیابان راحت پر 4 نوجوانوں سے لوٹ مار کرنے والے ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان مبینہ مقابلے میں مارے جانے والا ملزم زکریا جنجوعہ طالب علم نکلا جو 6 روز پہلے ملائیشیا سے کراچی آیا تھا۔

دوسری جانب سب انسپیکٹر گزری پولیس اسٹیشن ریاض حسین کا کہنا ہے کہ زکریا اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا اور گزشتہ روز ملزمان کے قبضے سے چھینے گئے موبائل فونز اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا جو کہ فرانزک ٹیسٹ کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔

دوسری جانب زکریا کے گھر والوں کا موقف ہے کہ مقتول کے والد رینجرز کے افسر ہیں اور آسٹریلیا میں ہیں، پولیس نے زکریا کو محض لیاری کا رہائشی ہونے کی وجہ سے قتل کیا، ہمارا بچہ بے گناہ ہے، وہ شادی کے لیے ایک ماہ کی چھٹی پر آیا تھا۔ ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ پولیس کے پاس زکریا کے خلاف ثبوت اور مدعی بھی موجود ہے جن سے لوٹ مارکی گئی۔

وزیرداخلہ سندھ سہیل انورسیال نے گزری پولیس مقابلے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خیابان راحت میں شہریوں سے لوٹ مار کرنے والوں کا پولیس نے پیچھا کیا اور پھر مبینہ پولیس مقابلے ایک ملزم ہلاک جب کہ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔