کراچی: پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک، ٹارگٹ کلر سمیت 15 ملزمان گرفتار

Karachi Police

Karachi Police

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی کے دوران ایک ملزم ہلاک اور ٹارگٹ کلر سمیت پندرہ ملزمان گرفتار کر لئے گئے، بلدیہ سے ایک شخص کی لاش ملی۔

شہر قائد میں امن کے دشمنوں ، بھتہ خوروں ، ڈاکوؤں اور ٹارگٹ کلرز پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے زمین تنگ کر رکھی ہے۔ سپر ہائی وے جنجال گوٹھ میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ ہوئی۔ پولیس فائرنگ سے ایک دہشتگرد مارا گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک دہشتگرد سے اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوئے۔

غریب آباد اور اسحاق آباد میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا۔ کارروائی میں پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا ۔ گھر گھر تلاشی کے دوران نو ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ، ایس ایس پی سینٹرل چوہدری اسد کے مطابق گرفتار ملزمان میں ٹارگٹ کلرز بھی شامل ہیں۔

دوسری طرف ڈیفنس سے ملحقہ علاقے گذری میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے غیر قانونی گیسٹ ہاؤس پر چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران گیسٹ ہاؤس میں موجود غیر ملکی سمیت چھ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ،ادھر بلدیہ رشید آباد میں مکان سے تین روز پرانی لاش ملی ، پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت قاضی محمد حسین کے نام سے کر لی گئی ہے۔