کراچی: پولیس و قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارروائیاں، 16 افراد گرفتار

Rangers raid

Rangers raid

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے کارروائی کرکے سیاسی جماعت کے مشتبہ ملزمان، ڈکیتوں اور منشیات فروشوں سمیت 16 ملزمان کو گرفتار کرکے،لوٹےگئے موبائل فون،لیپ ٹاپ اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے کراچی کے علاقے رامسوامی، عثمان آباد اور رنچھوڑ لائن میں رات گئے کارروائی کی اور 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔حراست میں لیے گئے افراد کا تعلق سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے۔

رضویہ کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرکے 3 منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا،ملزمان نے گھر میں خفیہ اڈا بنایا ہوا تھا۔ رضویہ پولیس کے چھاپے کے دوران ملزمان کی جانب سے فائرنگ شروع کردی ۔جوابی کارروائی پر پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔گرفتار ملزمان میں سے 2 کی شناخت عبدالرحمان اور نہال کے نام سے ہوئی ہے۔جن کے قبضے سے منشیات برآمد کرلی گئی ہے۔

ادھرکلاکوٹ کے علاقے میں مل ایریا کے قریب پولیس نے کارروائی کرکے گینگ وار ملزم عبدالرزاق عرف گچکی کو گرفتار کرلیا،ملزم کا تعلق شکیل بادشاہ گروپ سے ہے جوکہ قتل،اقدام قتل اور بھتہ خوری میں مطلوب ہے۔لانڈھی 89 میں پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 اسٹریٹ کرمنلز کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیااورگارڈن اور ماڑی پور روڈ پر پولیس مقابلوں کے بعد2 ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔

دوسری جانب ایس ایس پی ساوتھ ڈاکٹر فاروق کے مطابق کلفٹن بلاک 8 میں پولیس اور سی پی ایل سی کی مشترکہ کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب ڈکیت کو گرفتار کر لیا گیا، گرفتار ملزم شاہد عرف آصف کے قبضے سے 4 لیپ ٹاپ 2 ٹیب اور 17 موبائل فون اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ ۔ ملزم نے اپنے ساتھیوں سمیت کچھ دن قبل کلفٹن انڈر پاس سے 4 لیپ ٹاپ چھینے تھے۔