کراچی : رینجرز کارروائی میں کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گرد ہلاک

Rangers

Rangers

کراچی (جیوڈیسک) منگھوپیر میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں نے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ رینجرز کی جوابی فائرنگ میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا اور وہ کیڈٹ کالچ رازمک پر میزائل حملے اور جنوبی وزیرستان میں 50 سے زائد پاک فوج کے سابق جوانوں کے قتل میں ملوث تھے۔

ترجمان رینجرز کا دعویٰ ہے کہ ہلاک دہشت گرد کراچی میں 12 پولیس اہلکاروں کے قتل میں بھی ملوث تھے جبکہ کراچی میں مخالف قبائل کے لوگوں کو بھی نشانہ بنایا کرتے تھے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور دہشت گردی میں استعمال ہونے والا دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔

دوسری جانب پولیس نے عیدگاہ کے علاقے میں مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ لیاری کے علاقے بغدادی سے بھی مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار چاروں ملزمان اسٹریٹ کرائم، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔

منگھوپیر میں سرچ آپریشن کے دوران چھ ملزمان گرفتار جبکہ لیاری جتوئی محلہ سے 3 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔