کراچی حصص مارکیٹ میں مندی سے انڈیکس 64 پوائنٹس نیچے پہنچ گیا

Karachi Stock Exchange

Karachi Stock Exchange

کراچی (جیوڈیسک) کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کا اختتام مندی پر ہوا۔100انڈیکس میں 64 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ جس کے بعد انڈیکس 33100کی حد کھوتے ہوئے 33039 پوائنٹس کی پر بند ہوا۔

مارکیٹ میں مندی کے سبب سرمائے کے حجم میں 27ارب روپے سے زائد کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد مارکیٹ سرمائے کا مجموعی حجم 72 کھرب9ارب روپے کی سطح سے گھٹ کر 71 کھرب 81 ارب روپے کی سطح پر آگیا۔ پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کاروباری حجم میں 3کروڑ84لاکھ سے زائد حصص کی کمی ہوئی اور کاروباری حجم21کروڑ کی سطح سے گر کر17کروڑ حصص کی سطح پر جا پہنچا۔

ٹریڈنگ کے دوران آئل اینڈ گیس انڈیکس میں194پوائنٹس کی کمی جبکہ بینکنگ انڈیکس میں27پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔ مجموعی طور پر 339کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جس میں سے 135کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 179 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور25کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق کاروباری ہفتے کے آخری روز محدود کاروباری سرگرمیاں دیکھی گئیں اور پرافٹ ٹیکنگ کا عنصر غالب رہا۔ ایک موقع پر انڈیکس 33000 پوائنٹس کی سطح سے گر کر32953پوائنٹس کی نچلی سطح تک بھی پہنچ گیا۔

تاہم بعد ازاں تیزی کے باعث انڈیکس 33000 پوائنٹس کی حد برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔ کے ایس ای 30 انڈیکس 122 پوائنٹس کمی سے 21045اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 73پوائنٹس کمی سے 23262 پوائنٹس پر بند ہوئے۔