کراچی : سرجانی ٹائون میں مقابلے کے دوران تین دہشتگرد مارے گئے

Terrorist Arrested

Terrorist Arrested

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کیلئے زمین تنگ کر دی، مقابلے کے دوران تین دہشت گرد ہلاک اور گینگ وار کارندوں سمیت 9 گرفتار جبکہ 32 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ، ترجمان رینجرز کے مطابق ہلاک ملزموں کے قبضے سے خودکش جیکٹ اور آوان بم برآمد کرلئے گئے۔

کراچی کے علاقے سرجانی ٹائون میں رینجرز اور پولیس کی جانب سے مشترکہ ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا۔ رینجرز کی بھاری نفری علاقے میں داخل ہوئی تو مورچہ بند دہشت گردوں نے شدید فائرنگ شروع کردی ، جوابی کارروائی کے دوران تین دہشتگرد ہلاک کر دیئے گئے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ملزموں کے قبضے سے خودکش جیکٹ ، کلاشنکوف اور آوان بم برآمد کرلئے گئے ۔ لیاری میں رینجرز نے عزیر بلوچ کے کمانڈر ملا نثار کے گھر پر چھاپہ مار کر شہزاد عرف کالو کو گرفتار کرلیا جبکہ پولیس کی کارروائی کے دوران چھ ملزمان دھر لئے گئے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق گینگ وار سے ہے ۔ پولیس آپریشن کے دوران شاہ فیصل کالونی سے بتیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ لیاری کے علاقے رانگیواڑہ میں آپریشن کے دوران گینگ وارکے چھ ملزموں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ سائٹ ایریا میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم گرفتار کر لیا گیا۔