کراچی میں ٹریفک پولیس کی نفری بڑھائی جائیگی، وزیر اعلیٰ سندھ

Syed Qaim Ali Shah

Syed Qaim Ali Shah

کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی شہر میں ٹریفک پولیس کی نفری بڑھانے کیلئے 6 ہزار مزید اہلکاروں کا تقرر کیا جائے گا۔انہو ں نے ہدایت کی کہ ٹریفک پولیس کے تحفظ کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے یہ بات وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں ٹریفک کے نظام کی بہتری کیلئے ہونے والے اجلاس کے دوران کہی۔اجلاس میں وزیر ٹرانسپورٹ سندھ ممتاز جکھرانی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ ، ڈی آئی جی ٹریفک اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو ٹریفک پولیس حکام کی جانب سے ٹریفک کے مسائل پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کراچی میں ٹریفک پولیس کے تحفظ کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائےاور شہر میں ٹریفک کوجدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کنٹرول کرنے کیلئے یورپی ممالک کے طرز پر اسکیم بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے قیام کا بل صوبائی اسمبلی کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اورینج لائن بس پروجیکٹ کے منصوبے پر کام کا آغاز 5نومبر سے شروع کیا جائے گا۔ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پرجرمانے لگائے جائیں گے۔