کراچی: سانحہ صفورا میں ملوث چار مزید ملزم گرفتار

Karachi Safoora Incident

Karachi Safoora Incident

کراچی (جیوڈیسک) ڈی آئی جی سائوتھ کراچی کے دفتر میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف غلام قادر تھیبو کا کہنا تھا کہ سانحہ صفورا میں ملوث مزید چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ملزمان سے مختلف ہائی پروفائل افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کے گرفتار کئے گئے گیارہ سکیورٹی گارڈ اور حامیوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ فیروز شاہ نے بتایا کہ برآمد ہونے والا اسلحہ نیٹو افواج کا ہے جو کنٹینر سے چوری ہوا تھا۔ اگر ان افراد کو گرفتار نہ کیا جاتا تو یہ پولیس اور عام شہریوں پر فائرنگ کرکے امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کرتے۔

کراچی پولیس چیف کی پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں نے سندھ ہائیکورٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں پر تشدد کے خلاف احتجاج کیا۔ کراچی پولیس چیف نے صحافیوں کو یقین دلایا کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔