سانحہ کراچی، زمبابوے کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان منسوخ کر دیا

Zimbabwe Cricket Team

Zimbabwe Cricket Team

لاہور (جیوڈیسک) دورہ پاکستان کے لئے زمبابوے کو آمادہ کرنے کے لئے آخری کوشش بھی کامیاب نہ ہو سکی۔ پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال اور گزشتہ روز کراچی میں دہشتگردی کے واقعہ کے بعد زمبابوے نے دورہ پاکستان منسوخ کر دیا ہے۔

زمبابوے حکومت نے پاکستانی دفتر خارجہ کو سیکورٹی خدشات بارے آگاہ کر دیا ہے۔ زمبابوے دفتر خارجہ نے اپنی حکومت کو دورہ پاکستان کے حوالے سے رپورٹ دی جس کے مطابق پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال حوصلہ افزا نہیں ہے۔ جس کے بعد زمبابوے حکومت نے کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کیلئے این او سی جاری نہیں کیا ہے۔ واضع رہے کہ زمبابوے کی ٹیم کو 19 مئی کو پاکستان پہنچنا تھا۔

زمبابوے کی ٹیم کو دورہ پاکستان کے دوران دو ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے میچ کھیلنے تھے۔ ادھر نجی ٹی وی گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان رمیز راجہ نے زمبابوے حکومت کی جانب سے دورہ منسوخ کرنے کے فیصلے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا موحول بن گیا ہے۔

زمبابوے حکومت نے جلدی میں فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے سے شدید مایوسی ہوئی ہے۔ اس سے قبل قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ کراچی سانحے کے بعد زمبابوے ٹیم کا پاکستان آنا خطرے میں پڑنے لگا ہے۔