کراچی میں وی آئی پی کلچر سے تنگ شہریوں نے بااثر شخص کی گاڑی کے شیشے توڑ دیئے

Peoples Vehicles Glass Breaking

Peoples Vehicles Glass Breaking

کراچی (جیوڈیسک) وی آئی پی کلچر سے تنگ عوام کا اب اس پر رد عمل آنا شروع ہوگیا ہے جہاں تازہ واقعے میں کراچی کے علاقے صدر میں ڈبل کیبن گاڑی نے موٹرسائیکل سوار کو ٹکر مار کر زخمی کردیا جب کہ واقعے کے بعد گاڑی میں سوار مسلح گارڈز کے اترنے اور ہوائی فائرنگ کرنے پر عوام مشتعل ہوگئے اور گارڈز کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے گاڑی کے شیشے بھی توڑ دیئے۔

کراچی کے علاقے صدر میں ایم اے جناح روڈ کے قریب تیز رفتار ڈبل کیبن گاڑی نے موٹرسائیکل سوار کو ٹکر مار کر زخمی کردیا جس کے بعد مشتعل ہجوم نے گاڑیوں پر مکے برسائے اور پتھراؤ کیا جب کہ اس دوران گاڑی میں سوار مسلح گارڈ نے ہوائی فائرنگ کی تو ہجوم اور مشتعل ہوگیا اور نہ صرف گارڈز کو تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ گاڑی کے شیشے بھی توڑ دیئے۔

گاڑی کی ٹکر سے زخمی نوجوان کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ واقعے کے بعد مشتعل عوام نے وی آئی پی کلچر کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور سڑک بھی بلاک کردی جس کے باعث علاقے میں ٹریفک جام ہوگیا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کراچی کے سول اسپتال آمد پر سیکیورٹی کی وجہ سے 10 ماہ کی ننھی بسمہ کو فوری طبی امداد نہ مل سکی جس سے وہ اپنے والد کی گود میں دم توڑ گئی تھی۔ کراچی میں ڈبل کیبن گاڑیوں میں با اثر افراد اپنے گارڈ کے ساتھ گھومتے ہیں اور اس دوران تیز ڈرائیونگ اور ٹریفک خلاف ورزیاں بھی کی جاتی ہیں۔