کراچی میں وسیم اکرم کی گاڑی پر فائرنگ

Wasim Akram

Wasim Akram

کراچی (جیوڈیسک) کارساز روڈ پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ آل راؤنڈر وسیم اکرم پر فائرنگ ہوئی ہے تاہم وہ اس میں محفوظ رہے ہیں۔

وسیم اکرم کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں فاسٹ بالرز کی تربیت کے لئے لگائے گئے کیمپ میں شرکت کے لئے جارہے تھے کہ کارساز کے قریب وسیم اکرم کی گاڑی کو پیچھے سے آنے والی گاڑی نے ٹکر دے ماری۔

جب وہ گاڑی سے نیچے اترے تو پچھلی گاڑی میں سوار شخص نے فائرنگ کردی تاہم خوش قسمتی سے انہیں گولی نہیں لگی۔ وسیم اکرم کی جانب سے 15 مدد گار پولیس کو واقعے کی اطلاع دینے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے شواہد اور جائے وقوعہ کے قریب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرلی ہیں۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ انہیں کسی قسم کی کوئی دھمکی نہیں ملی تھی، ان پر فائرنگ کرنے والا شخص وضع قطع سے اعلیٰ سرکاری اہلکار لگ رہا تھا۔ گاڑی کا نمبرپولیس کودے دیاگیا ہے، امید ہے کہ فائرنگ کرنے والے کو گرفتارکرلیا جائے گا کیونکہ جو شخص ان پر فائرنگ کرسکتا ہے وہ عام لوگوں کے ساتھ کیسا برتاؤ کرتا ہوگا۔