کراچی میں پانی پر تصادم، 9 افراد زخمی

korangi Water Collision

korangi Water Collision

کراچی (جیوڈیسک) شہر قائد کے علاقے کورنگی میں دو گروہوں میں تصادم کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہوگئے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی کے علاقے زمان ٹاؤن کی نورانی بستی میں آباد دوقبیلوں میں پانی کے مسئلے پر تصادم ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق تصادم بگٹی اور بنگش قبیلے میں ہوا ہے اور بات تلخ کلامی سے بڑھ کر ڈنڈوں اور لاٹھیوں کے آزادانہ استعمال تک جاں پہنچی جبکہ فائرنگ بھی کی گئی جس کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے افراد میں سات افراد کا تعلق بنگش قبیلے سے ہے جبکہ دو افراد بگٹی قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں۔ علاقے میں ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پرپہنچ گئی ہے اور صورتحال کی کشیدگی کو کم کرنے کے لئے عوام کو منتشر کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں پانی کی قلت سنگین رخ اختیار کرتی جارہی ہے اورشہر کے بیشتر علاقوں میں پانی کا حصول سوہان روح بن کررہ گیا ہے، شدید گرمی اورسخت موسم میں عوام پانی کی تلاش میں سرگرداں پھرنے پرمجبور ہیں۔ اس سے قبل بھی کئی بار شہر کے متعدد علاقوں میں پانی کی کمیابی کے خلاف عوامی مظاہرے ہوچکے ہیں جن میں صورتحال پرتشدد رخ اختیار کرتی رہی ہے۔