کراچی چڑیا گھر میں 4 ہیٹ اسٹروک کیمپ قائم کر دیئے گئے

Karachi Zoo

Karachi Zoo

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر کراچی چڑیا گھر فہیم خان نے اسکولوں کی تعطیلات کے باعث چڑیا گھر میں آنے والی خواتین اور بچوں کو شدید گرم موسم میں ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رکھنے کے لئے پہلے مرحلے میں کراچی چڑیا گھر میں 4 ہیٹ اسٹروک کیمپ قائم کر دیئے جبکہ پولیو کے قطرے پلانے بھی 4 قائم کئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عوامی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے کراچی چڑیا گھر انتظامیہ نے چرند پرند کے بعد شدید گرم موسم سے بچائو کے لئے چڑیا گھر آنے والوں کو ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رکھنے کے لئے پہلے مرحلے میں 4اسٹروک کیمپ قائم کر دیئے۔

ڈائریکٹر کراچی چڑیا گھر فہیم خان کے مطابق کراچی چڑیا گھر میں اسکولوں کی تعطیلات کی وجہ سے وزٹر کی آمد و رفت میں اضافے کی وجہ سے چڑیا گھر کے داخلی راستوں پر پہلے مرحلے میں 4ہیٹ اسٹروک کیمپ قائم کردیئے گئے جبکہ کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ کی خصوصی ہدایت پر کراچی چڑیا گھر میں آنے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے 4انسداد پولیو کیمپ کا قیام بھی کراچی چڑیا گھر میں عمل میں لایا گیا ہے۔

فہیم خان نے کہاکہ پیر سے مزید 4ہیٹ اسٹروک کیمپ قائم کئے جائیں گے جس کے بعد کراچی چڑیا گھر میں 8ہیٹ اسٹروک کیمپ کا قیام عمل میں آجائے گا کراچی چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق کراچی چڑیا گھر میں چرند پرند کو بھی شدید گرم موسم میں ہیٹ اسٹروک سے بچانے کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں کراچی چڑیا گھر میں موجود 17بڑے جانوروں کو برف کے ساتھ گلوکوز کے پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنا یا جا رہا ہے۔