کرن جوہر کی فلم میں اہم کردار ادا کروں گا، فواد خان

Fawad Khan

Fawad Khan

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والے پاکستانی اداکار فواد خان نے کہا کہ معروف ہدایتکار کرن جوہر کی فلم’’اے دل ہے مشکل‘‘ میں مختصر نہیں بلکہ اہم کردار ادا کروں گا۔

پاکستانی ڈراموں سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار فواد خان نے بالی ووڈ میں فنی کیرئیر کا آغاز 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم’’خوبصورت‘‘ سے کیا جسے شائقین نے ناصرف پسند کیا بلکہ ان کے انڈسٹری کے لیے دروازے بھی کھل گئے جب کہ معروف بھارتی فلمساز کرن جوہر بھی فواد خان کی صلاحیتوں سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے اور انہیں اپنی فلم میں مختصر کردارکے لیے اداکارہ ایشوریا رائے ، انوشکا شرما اور رنبیر کپور کے مدمقابل فلم میں کاسٹ کرلیا تاہم اب اداکار فود خان نے فلم میں اپنے کردار کے حوالے سے لب کشائی کی ہے۔

اداکار فواد خان کا کہنا تھا کہ فلم’’اے دل ہے مشکل‘‘ میں ڈی جے کا کردار ادا کررہا ہوں جو کہ میرے لیے ایک نیا تجربہ ہے جب کہ فلم میں میرا کردار اہم ہے اسی لیے کردار میں جان ڈالنے کے لیے سخت محنت کررہا ہوں۔

واضح رہے کہ اداکار فواد خان اپنی نئی آنے والی فلم’’کپور اینڈ سنز‘‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں جس میں ان کے مدمقابل لیجنڈری اداکار رشی کپو، اداکار سدھارت ملہوترا اور عالیہ بھٹ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔