کرن جوہر کا کنگنا رناوت کو کرارا جواب

Karan Johar and Kangana Ranawat

Karan Johar and Kangana Ranawat

ممبئی (جیوڈیسک) مشہور ریالٹی شو کافی ود کرن میں کنگنا کی دھماکے دار انٹری کی گرج بہت دنوں تک زیر بحث رہی جب شو کے دوران انہوں نے کرن جوہر پر الزامات کی بارش کر دی اور کرن پر اقربا پروری کا الزام لگا دیا۔ جس پر کرن نے بھی موقعہ ملنے پر اپنا حساب چکتا کر دیا ہے، اور کنگنا رناوت کو کھری کھری سنا دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کنگنا کو اقربا پروری کا مطلب ہی معلوم نہیں۔ انڈین میڈیا کے مطابق رائیلٹی شو کافی وڈ کرن کے دوران کنگنا نے کرن جوہر پر اقربا پروری کا الزام لگایا تھا۔

کنگنا کے الزام پر کرن جوہر کا کہنا تھا کہ فلم سٹوڈنٹ آف دی ایئر میں سدھارتھ ملہوترا کو متعارف کرایا جس کی بالی وڈ میں کوئی شناخت نہیں تھی، کیا اسے اقرباء پروری کہتے ہیں۔

کرن جوہر کا اس تنازع پر کہنا ہے کہ کنگنا لوگوں کی ہمدردی لینا چاہتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر میں اقرباء پرور ہوتا تو فلم نگری میں 13 نئے ڈائریکٹر متعارف نہ کرواتا، جبکہ ان ہدایتکاروں کا تعلق فلم انڈسٹری سے بھی نہیں ہے۔

کرن جوہر کا مزید کہنا تھا کہ کنگنا میرے شو میں آئیں، میں چاہتا تو یہ سب کچھ ایڈٹ کر سکتا تھا لیکن میں نے ایسا نہیں کیا۔ میرا شو ایک پلیٹ فارم ہے جس میں لوگ آ کر اپنی رائے دیتے ہیں، کنگنا نے بھی ایسا ہی کیا میں چاہتا ہوں کہ کنگنا ہر وقت خود کو مظلوم ثابت کرنا چھوڑ دیں، اگر بالی وڈ میں اقرباء پروری ہے تو اسے چھوڑ دیں۔