شہدائے کربلا کی قربانی کی یاد میں شہر شہر محرم کے جلوس

Muharram ul Haram Procession

Muharram ul Haram Procession

لاہور (جیوڈیسک) شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں شہر شہر گلی گلی نویں محرم الحرام کے جلوس نکالے جا رہے ہیں، جلوس میں علم اٹھائے عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہے۔ جگہ جگہ سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

شہر شہر، گلی گلی شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں ماتمی جلوس کراچی میں نویں محرم کا جلوس نشتر پارک سے دوپہر ایک بجے برآمد ہوگا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں میں اختتام پذیر ہو گا۔

اس موقع پر سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات ہیں ، لاہور میں نویں محرم کا مرکزی ماتمی جلوس نثارحویلی سے برآمد ہوگا جو کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔

جلوس کی سیکیورٹی کیلئے جگہ جگہ پولیس اہلکار تعینات ہیں ۔ پشاورمیں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ صدر کینٹ سے برآمد ہوگا جس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہے ۔ جلوس کی گذرگاہوں پر جگہ جگہ سبیلیں بھی لگائی گئی ہیں اور سیکورٹی کے بھی انتظامات سخت ہیں۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں نویں محرم الحرام کی مناسبت سے جلوس نکالے جائیں گے۔ ملتان میں نویں محرم الحرام کے سلسلے میں علم اور ذوالجناح کے 82 جلوس برآمد ہونگے جبکہ 170 مجالس بھی برپا کی جائیں گی۔

روہڑی میں نو محرم الحرام کا تاریخی جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں ہے جو اپنی مقرری منزل پر اختتام پذیر ہوگا۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں دن بھر جلوسوں اور عزا داری کا سلسلہ جاری رہے گا۔