کشمیر میں بھارتی مظالم جاری، مزید دو طالبعلم شہید

Kashmir  Indian Atrocities

Kashmir Indian Atrocities

سری نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کی انتہا ہوگئی ، دو مزید کشمیری طالبعلم بھارتی درندگی کا شکار ہوگئے، شہدا کی تعداد 91 تک جا پہنچی ، حریت رہنماؤں نے مشترکہ احتجاج کی کال 16 ستمبر تک بڑھا دی۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال تاحال کشیدہ ہے۔ اسلام آباد اور بارہ مولا میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو مزید کشمیری شہید ہوگئے ۔ آٹھ جولائی سے اب تک شہید کشمیریوں کی تعداد 91 ہوگئی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دو ماہ کے دوران 11 ہزار کشمیری زخمی ہوئے ہیں ۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے 61 ویں روز بھی وادی میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔ سری نگر سمیت دیگر اضلاع میں کرفیو نافذ جبکہ راستوں کو خار دار تاروں سے بند کیا گیا ہے۔

تاہم آزادی کے متوالے کشمیری کرفیو کے باوجود بھارت مخالف ریلیاں نکالنے میں مصروف ہیں۔ ادھر حریت قیادت نے مشترکہ احتجاج کی کال میں 16 ستمبرتک توسیع کردی ہے۔