کشمیر کا مسئلہ پاکستان اور بھارت نے مل کر حل کرنا ہے: جان کربی

John Kirby

John Kirby

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا کا کہنا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان اور بھارت آپس میں بات کرے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر امریکی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ پاکستان اور بھارت دوطرفہ طور پر مسئلے کا حل نکالیں۔

جان کربی نے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر کا مسئلہ اٹھانے پر پوچھے گئے سوال کا جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے کا اہم نکتہ ہو گا۔

جان کربی کا کہنا تھا کہ کراچی کے معاملات پر نظر ہے۔ پرتشدد مظاہروں میں ملوث ہونے کے الزام میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کی گرفتاریوں، ان کے غیر قانونی دفاتر کی بندش اور انہیں گرائے جانے سے آگاہ ہیں۔ تاہم اس معاملے پر حکومت پاکستان سے بات کی جائے گی۔