کشمیر کا فطری الحاق ۔۔۔ صرف پاکستان کے ساتھ

Kashmir Solidarity

Kashmir Solidarity

تحریر : مبشر ڈاہر
ریاست جموں و کشمیر کے تاریخی حوالہ جات پر نظر دوڑائیں تو یہ قریباً 3000 سال قبل مسیح تک ملتے ہیں لیکن اگر ہم وادی کے گزشتہ تین چار صدیوں کے سیاسی حالات پر نظر دوڑائیں تو کشمیر پرانہی لوگوں کی حکومت نظر آتی ہے جو پنجاب میں برسرِ اقتدار ہوتے ہیں۔ 1750ء میںجب افغانوں نے مغلوں شکست دے کر پنجاب پر قبضہ کیا تو پنجاب کے ساتھ ساتھ کشمیر پر بھی قبضہ کر لیا،افغانوں کے ایک لمبے اقتدار کو سکھوں نے پنجاب میں شکست دے کر ختم کیا تو کشمیر پر بھی سکھوں کی حکومت بر سر اقتدار آگئی،جب ایسٹ انڈیا کمپنی ہندوستان کے اقتدار پر قابض ہوئی اور انگریزوں نے جب پنجاب میں سکھوں کی حکومت کو ختم کیا توپنجاب کے ساتھ ساتھ کشمیر میں بھی سکھوں کی حکومت کو ختم کردیاگیا۔

پھر انگریزوں نے 1846 ء مہاراجہ گلاب سنگھ کومحض 75 لاکھ سکوں کے عوض ریاست ہائے جموں و کشمیر کو فروخت کرنے کا بدنامِ زمانہ ”معاہدہ لاہور”کیا ۔ مختصراً یہ کہ مہاراجہ گلاب سنگھ کی وفات کے بعد 1858 ء میں پرتاب سنگھ وادی کا حکمران بنا ،1885 ء میں رنبیر سنگھ کے سر وادی کی راجنیتی کا تاج سجا اور اس کے بعد 1925 میں مہاراجہ ہری سنگھ ریاست میں برسرِ اقتدار آیا۔ریاست میں مسلمانوں کی عددی اکثریت ہونے باوجود مہاراجہ کشمیری مسلمانوں کے ساتھ انتہائی سفاکانہ اور ظالمانہ سلوک روا رکھتا تھا،جس کی وجہ سے ریاستی مسلمانوں نے مہاراجہ سے آزادی حاصل کرنے کے لیے سیاسی و عسکری جدو جہد شروع کردی،جس کو بارہا کچل دیا جاتا رہا۔

لیکن جوں ہی ہندوستان تحریک آزادیء ہند نے زور پکڑا اور ہندوستان کے طول و عرض میں دوقومی نظریے کی بنیاد کے مضبوط ہونے کی بنا پر ریاست میں بھی آزادی کی تحریک زور پکڑ نے لگی،قابض ڈوگرہ راج کے خلاف جاری تحریک آزادی میں بھی پنجاب اور کے ،پی،کے ،کے عوام بھی تحریک آزادی میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے تھے ۔ تحریک آزادی کے دوران 13 جولائی 1931 کو ڈوگرہ راج کی طرف سے ایک غیر ریاستی مدد گار باشندے کی گرفتاری کے خلاف ہونے والے احتجاج کرنے والوں پر ڈوگرہ راج نے گولیاں برسا دیں 22 نہتے کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

Lal Chowk

Lal Chowk

کشمیریوں کی پاکستان کے ساتھ مذہبی وابستگی ،ارضی الحاق ،جذباتی والہیت اور محبت انتہائی بے مثل سی ہے کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ کس قسم کی محبت اور جذباتی وابستگی رکھتے ہیں اس بات اندازہ محض اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ 17 جولائی 1947 کو برطانوی ہاؤس آف لارڈز نے نے ہندوستان کی آزادی کا قانون پاس کیا اور اس قانون کے تحت تقسیمِ ہند کا جو فارمولہ سامنے آیا اس کے مطابق کشمیری عوام کو یہ آزادی حاصل تھی کہ وہ ہندوستان یا پاکستان میں سے کسی ایک کے ساتھ اپنے الحاق کا فیصلہ کر سکتے ہیں اس قانون کے پاس ہونے محض دو دن بعد ہی کشمیریوں نے بغیر کوئی وقت ضائع کیے فوری طور پر 19 جولائی 1947 کو سری نگرمیں معروف کشمیری لیڈر شپ،چوہدری حامد اللہ خان، سردارمحمد ابرہیم خان ، خواجہ غلام الدین وانی اور خواجہ عبد الرحمان وانی کی صدارت میں مسلم کانفرنس کا تاریخی اجلاس بلایا ۔جس میں کشمیری عوام اور سیاسی قائدین نے کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد کو پاس کیا۔

پاکستان کے ساتھ فطری وابستگی اور جذباتی و مذہبی ہم آہنگی کا اظہار کیا۔ لیکن کشمیری عوام کے اس فیصلے کے برعکس27 اکتوبر 1947 کو وادی میں ہندوستان نے اپنی فوجیں اتار دیں اورنہتے معصوم کشمیریوں کے خون سے قتل غارت گری کا بازارگرم کرنا شروع کر دیا۔جس کے خلاف اور اپنے بنیادی حقوق کے حصول کی خاطر کشمیری عوام گزشتہ سات دھائیوں سے آزادی کی جدو جہد جاری رکھے ہوئے ہیں، قابض بھارتی مسلح افواج کے روز مرہ کی صعوبتوں ،مشلکلات ، بربریت اور ظلم و ستم کے باوجود آج تک کشمیری اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں اور تحریک آزادی کے اس کھیت کی اپنے لہو سے آبیاری کر رہے ہیں۔اب تک ہزاروں کشمیر ی ارض وطن کے آزادی کی خاطراپنی جانوں کا نظرانہ پیش کر چکے ہیں ، لاکھوں بچے یتیم ہو چکے ہیں، ہزاروں عورتیں بیوہ کر دگئی ہیں۔

ان گنت عفت مآب بیٹوں کی عزت تارتار کی جارہی ہے ،ہزاروں نو جوانوں کو افسپا جیسے انتہائی غیر انسانی ،کالے قوانین کی بھینٹ چڑھا یا جا رہا ہے ایک کشمیری ہونے کے ناطے میرے سمیت تمام کشمیری یہ سمجھتے ہیں کہ کشمیر تقسیم ِہند کا نامکمل ایجنڈہ ہونے کے ساتھ ساتھ نامکمل پاکستان کی تکمیل کا بنیادی ایجنڈہ بھی ہے جس ایجنڈے کی تکمیل کے بغیر تکمیلِ پاکستان کا خواب بالکل ادھورا سا دکھائی دیتا ہے ۔اور قائد کے تاریخی کلمات کہ ” کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ” بھی اسی امر کی وضاحت کر رہے ہیں۔

Kashmir Violence

Kashmir Violence

عملی طور پر کشمیری تمام تر مظالم کو سہنے کے باوجود اور ظلم کی ہر روز بدلنے والی صورت کے خلاف اپنی آوازِ احتجاج بلند کرتے وقت اپنے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم تھامے زباں پر” پاکستان زندہ باد” اور ” پاکستان سے رشتہ کیا لاالہ اللہ ” کے نعرے بلند کرتے ہوئے ارض پاکستان کے ساتھ والہانہ عقیدت و محبت کا عملی اظہار کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ اپنے الحاق کو فطری قرار دیتے ہیں ،آج تک کشمیریوں نے کبھی بھی دہلی کے ساتھ نہ تو رمضان کے روضے رکھے ہیں اور نہ ہی کبھی دہلی کے ساتھ کوئی عید منائی ہے ، کشمیریوں نے ہمیشہ رمضان کے روزے اور عیدین اسلام آباد کے ساتھ منائی ہیں اور اسے پاکستان کے ساتھ اپنے فطری الحاق کی دلیل کے طور پر پیش کیا ہے۔

قرار دادِ الحاق پاکستان کے اس تاریخی تناظر میں ہی گزشتہ چند برسوں سے مسلم کانفرس کی آواز پر پوری دنیا ، لائن آف کنٹرول کے دوطرف بسنے والے کشمیری ، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام 19 جولائی کو” یومِ قرار دادِ الحاقِ پاکستان” کے طور پر مناتے ہیں۔آزاد کشمیر ، مقبوضہ کشمیر، پاکستان، برطانیہ ا،یورپ اور دیگر ممالک میں اس حوالے سے خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے اور کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی تاریخی قراردوں کی تائید کی جاتی ہے ۔اور اس عزمِ مصمم کاا عادہ کیا جاتا ہے ،گزشتہ برسوں کی طرح اس بار بھی مسلم کانفرس کے ریرِ اہتمام اس بار یومِ قراردادِ الحاق پاکستان کو ” ہفتہ قراردادِ الحاقِ پاکستان ”کے طور پر منایا جا رہا ہے۔

حالانکہ پاکستان کے اندرونی مسائل پر کشمیری گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اوروقت کی اس ستم ظریفی پر نالاں و نوحہ کناں ہیں۔ پاکستان میں سیاسی و معاشی حالات میں مسلسل ابتری، حکومتی ایوانوں پر سے عوامی اعتماد کا فقدان ،قیام پاکستان کو سات دھائیاں گزرنے کے باوجود معاشرتی ہیجانی کیفیت کا تسلسل،عدل و انصاف کی عدم فراہمی کے معاشرے پر اثرات،ملکی معاشی ترقی پر عالمی اعشاریوں کا جمود،فوج کے برعکس پاکستانی سیاسی قائدین کی مسئلہ کشمیر سے عملی پہلو تہی ،مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کمزور خارجہ پالیسی ،امریکہ ومشرق وسطی اور یورپ اور دیگر مغربی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اس کی روح کے مطابق اجاگر کرنے میں ناکامی،آزاد کشمیر کا69 سال تک پاکستان کے زیر اثر رہنے کے باوجود مقبوضہ کشمیر سے مقابلتاً خاطر خواہ ترقی نہ کرنا ،یہ تمام تر ایسے عوامل ہیں جنہوں نے کہیں نہ کہیں عمدا ًیا سہوا ًکشمیر کاز کو کمزور کیا ہے ۔ان تمام تر مسائل کے ادراک کے باوجود کشمیری پاکستانیوں کی سانس کے ساتھ سانس لیتے ہیں۔اور پاکستان کے ساتھ الحاق کے لیے شب و روز کمربستہ ہیں۔

Mobushir Dahr

Mobushir Dahr

تحریر : مبشر ڈاہر
00966500061847