مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے حکومت کے پاس جادو کی چھڑی نہیں: وی کے سنگھ

 VK Singh

VK Singh

سرینگر (جیوڈیسک) سابق فوجی سربراہ اور امور خارجہ کے مرکزی وزیر مملکت جنرل (ر) وی کے سنگھ نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے بھارتی حکومت کے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہے۔ یہ کوئی نیا مسئلہ نہیں ہے اس کے حل کیلئے وقت درکار ہے اور اس ضمن میں نئی ریاستی حکومت کام کر رہی ہے۔

انہوں نے اجمیر شریف میں خواجہ معین الدین چشتی ؒ کی درگاہ پر حاضری دی اور اجمیر کے سرکٹ ہائوس میں بی جے پی لیڈران کے ساتھ بند کمرے کی میٹنگ اور بعض کانگریس رہنمائوں کے ساتھ ملاقاتوں کے بعد صحافیوں کے ساتھ گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس کوئی ایسا آلہ نہیں ہے کہ کشمیر کا مسئلہ بٹن دباتے ہی حل ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ کوئی نیا مسئلہ نہیں ہے اور اس کے حل میں وقت درکار ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کا مسئلہ اقوام متحدہ میں اٹھاتا رہا ہے اور سرحدوں پر قیام امن کیلئے سخت محنت کر رہا ہے۔ وی کے سنگھ نے بتایا کہ مرکزی سرکار اندرونی سلامتی سے متعلق معاملات پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے۔