کشمیری برطانیہ کے یورپی یونین میں رہنے کے حق میں ووٹ دیں، چوہدری خالد جوشی کی اپیل

Khalid Joshi

Khalid Joshi

برسلز (پ۔ر) ورلڈ کشمیرڈائس پورہ الائنس (ڈبلیوکے ڈی اے) یورپ کے صدر چوہدری خالد محمود جوشی نے برطانیہ میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ برطانیہ کے یورپی یونین میں رہنے کے حق میں ووٹ دیں۔ برطانیہ کے یورپی یونین میں رہنے یا نہ رہنے کے حوالے سے ریفرنڈم جمعرات 23 جون کو ہوگا۔

چوہدری خالد جوشی نے برسلزسے جاری ہونے والے اپنے بیان میں کہاہے کہ یورپی پارلیمنٹ میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے متعدد اراکین پارلیمنٹ (ایم ای پیز) نے ابتک کشمیریوں کے حقوق کی حمایت میں بھرپورطریقے سے آوازبلند کی ہے۔ ان اراکین میں ڈاکٹر سجاد کریم گذشتہ ایک دہائی سے مسئلہ کشمیرپر یورپی پارلیمنٹ میں فعال کردار اداکر رہے ہیں۔ ان کے علاوہ جب سے راجہ افضل خان ایم ای پی منتخب ہوکرآئے ہیں، وہ بھی کشمیرایشو پر پیش پیش ہیں۔

لہذایہ بات کشمیریوں کے مفادمیں ہے کہ برطانیہ یورپی یونین میں رہے۔ یہ کشمیریوں کا بہترین مفاد میں ہے کہ ان کی حمایت میں آوازیورپی پارلیمنٹ میں اٹھتی رہے۔ہمیں اس بات کو فراموش نہیں کرناچاہیے کہ برطانیہ سے تعلق رکھنے والے متعدد اراکین پارلیمنٹ نے ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کے قانونی اورجائز حقوق کی حمایت کی ہے اور اگربرطانیہ یورپی یونین سے باہرنکل جاتاہے تو پھر کشمیری ای یو پارلیمنٹ میں ایک نمایاں حمایت سے محروم ہوجائیں گے۔