کشمیری اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، بھارت نے نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کی انتہا کر دی، خدیجہ زرین

Khadija Zareen

Khadija Zareen

اسلام آباد: سدھن ایجوکیشن فائونڈیشن کی چیئرپرسن اور ممتاز سماجی رہنما خدیجہ زرین نے کہا ہے کہ کشمیری اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، بھارت نے نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم کی انتہا کر دی، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کا نوٹس لیتے ہوئے انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیاں بند کرائے، برہان وانی کی شہادت نے جدو جہد آزادی میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔کشمیری اب آزادی کے سوا کسی بات پر سمجھوتا نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جاری وحشیانہ تشددسے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کیلیے لائن آف کنٹرول کے حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ پچھلے چند ماہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے تشدد سے اب تک 140 افراد شہید اور 12000 سے زیادہ افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ بے گناہ کشمیریوں پر خطر ناک ہتھیاروں کا استعمال بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے جس کاعالمی برادری کو نوٹس لے ، ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں پر وہ ہتھیار استعمال کیے جارہے ہیں جن کی جانوروں پر استعمال پر بھی پابندی ہے۔

خطرناک ہتھیاروں کا استعمال کرنے پر بھارت پر پابندیاں لگائی جائیں ۔ان کا کہنا تھا کہ دشمن ہر وہ حربہ استعمال کرنا چارہا ہے جس سے دنیا کی توجہ کشمیر سے ہٹ جائے، نوجوانوں کو چاہئے کہ کشمیر کے حق میں سوشل میڈیا پر آواز اٹھائیں، افسوس کا مقام ہے کہ آج نوجوان کشمیر بھول کر اور چائے والے کے پیچھے لگ گئے ہیں ، اگر کشمیر کے حق میں ٹویٹر ٹرینڈ بنایا جائے تو وہاں جانوں کی قربانی دینے والوں کو حوصلہ ہو گا۔