کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں، بھارت انہیں دبا نہیں سکتا، راجہ فاروق حیدر کا ہالینڈ میں کانفرنس سے خطاب

Holland Conf AJK PM

Holland Conf AJK PM

دی ہیگ (پ۔ر) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور بھارت ہرگز انہیں دبانہیں سکتا۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے ہالینڈکے دارالحکومت دی ہیگ میں ’’جموں وکشمیرکے لوگوں سے یکجہتی ‘‘ کے عنوان سے ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس کااہتما م راجہ زیب خان کی قیادت میں قائم ’’کشمیرپیس کونسل ہالینڈ‘‘ نے کیاتھا۔ وزیراعظم آزادکشمیراپنے دورہ یورپ کے دوسرے مرحلے پر جمعرات کو بلجیم سے ہالینڈ پہنچے تھے۔ وہ کشمیرکونسل ای یو کی دعوت پر کشمیرای یو۔ویک کی تقریبات میں شرکت کے لئے بلجیم آئے تھے۔

یورپ کے دورے کے تیسرے اورآخری مرحلے میں وہ جرمنی جائیں گے جہاں کشمیرفری آرگنائزیشن کی طرف سے تقریب میں شرکت کریں گے۔ ان کے ہمراہ سینئروزیرچوہدری طارق فاروق اور ایم ایل اے راجہ جاویداقبال بھی یورپ آئے ہیں۔

ہالینڈ کے دارالحکومت دی ہیگ میں کانفرنس سے کشمیرپیس کونسل کے صدر راجہ زیب خان ، چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضاسید ، پادری فادرایرک سرور، سفیرپاکستان عفت عمران گردیزی اوردیگرشخصیات نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پردانشور، سماجی وکاروباری شخصیات سمیت لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وزیراعظم آزادکشمیرنے بتایاکہ وہ کشمیرکونسل ای یوکی دعوت پر بلجیم آئے اور گذشتہ تین چار روز کے دوران انھوں نے برسلزمیں یورپی پارلیمنٹ اور یورپی پریس کلب میں کشمیرای یو۔ویک کے حوالے سے تقریبات سے خطاب کیاہے۔

اس کے علاوہ یورپی اراکین پارلیمنٹ اور یورپی کمیشن کے عہدیداروں سے ان کی ملاقاتیں بہت مفیدرہی ہیں اور ان کے مثبت نتائج برآمدہوں گے۔انھوں نے کشمیرکونسل ای یوکے چیئرمین علی رضاسید کی یورپ میں کشمیرکیلئے کوششوں کو سراہا۔ہالینڈمیں کانفرنس کے دوران کشمیرپر ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے اپنے خطاب میں کہاکہ بھارت زیادہ دیرتک کشمیریوں کی تحریک کو دبانہیں سکتا۔ انھوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نوجوانوں کی شہادتوں اور ان کی آنکھیں ضائع ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ بھارت انتہائی ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کرکے کشمیرپر تسلط جاری رکھنا چاہتا ہے۔

کشمیر پیس کونسل ہالینڈ کے صدر راجہ زیب خان نے کہاکہ ہم یورپ میں کشمیریوں کی حمایت میں اپنی جدوجہد کو تیزترکریں گے اور اس سلسلے میں کشمیرکونسل ای یو کے ساتھ مل کرکام کررہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ عالمی طاقتوں کوچاہیے کہ کشمیریوں پر ظلم وستم بندکروائیں اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے کردار ادا کریں۔