خانیوال مقابلے میں 6 دہشتگر ہلاک، مختلف کارروائیوں میں 83 افراد گرفتار

Police

Police

خانیوال (جیوڈیسک) ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خانیوال کے چک 98 دس آر میں 10 دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا گیا، تو ملزمان نے فائرنگ کر دی جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد مارے گئے ،جبکہ انکے 4 ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان کے جماعت الحرار گروپ سے تھا۔جماعت الحرار نے لاہور کے مال روڈ دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے، ملزمان کے قبضے سے دستی بم، اسلحہ اور ڈیٹونیٹرز بھی برآمد ہوا ہے۔

دوسری جانب سیالکوٹ کے قریب پسرور میں رینجرزاور پولیس کا سرچ آپریشن کیا گیا ہے۔آپریشن کے دوران 6افغان باشندے گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

سیالکوٹ میں ہی ایک اور کارروائی میں دوران تلاشی مسافر کے قبضے سے گولیوں سے بھرا ہوا بیگ برآمد ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق مشکوک مسافر کی تلاشی لاری اڈا انتظامیہ کی جانب سے لی گئی ہے۔

تلاشی کے دوران بیگ سے کلاشنکوف کی ہزاروں گولیاں برآمد ہوئیں، ملزم موقع سے فرار ہوگیا ہے۔ ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے، جبکہ لاری اڈا سے 4 مشتبہ افغان باشندوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

ادھر منڈی بہاء الدین میں پولیس اور سی ٹی ڈی کا مختلف علاقوں میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا گیا، کارروائی میں 73 مشتبہ افراد کو زیرحراست میں لیکر اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔زیرحراست افراد میں افغان باشندے بھی شامل ہیں۔