عوام سے اپیل ہے کہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں: جہانزیب نذیر خان

DPO

DPO

خانیوال ( نوید اشرف کمبوہ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال جہانزیب نذیر خان نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ اور قیام امن کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی ‘عوام سے اپیل ہے کہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں ‘پولیس افسران مجرمان اشتہاریوں کی گرفتار ی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل اور انہیں تھانہ جات پر عزت واحترام دینے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں جس سے سائلین کے زیادہ تر مسائل بغیر کسی رکاوٹ کے تھانہ جات پر ہی حل ہورہے ہیں تاہم ایسے افسر یا اہلکار کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی جو عوامی مسائل کے حل میں رکاوٹ کا باعث بنے گا ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ اور قیام امن کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کا رلائے جارہے ہیں اور کسی جرائم پیشہ کو شہریوں کے جان ومال کو نقصان پہنچانے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائیگی اور ایسے عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا جائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ میں میڈیا کی وساطت سے شہریوں سے اپیل کروں گا کہ وہ موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور اگر انہیں کوئی مشکوک شخص یا اجنبی نظر آئے تو فوری اپنے متعلقہ پولیس اسٹیشن یا براہ راست مجھے آگاہ کریں ۔ڈی پی او نے کہا کہ ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے آپکا فرض ہے کہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ اپنا تعاون بڑھائیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ خانیوال شہر کو مثالی اور امن کا گہوارہ بنانے کیلئے مجرمان اشتہاریوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جارہا ہے اور ان کی گرفتاری کو یقینی بنانے کیلئے باقاعدہ مہم جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس 6189اور رواں سال اب تک پہلے تقریباً تین ماہ میں 1553مجرمان اشتہاری اور 503عدالتی مفرور ضلعی پولیس نے گرفتا رکیے ہیں اور انشاء اللہ جتنے بھی مطلوب مجرمان اشتہاری ہیں ان کو گرفتا رکرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے کیونکہ عوام کے جان ومال کا تحفظ مجھے سب سے زیادہ عزیز ہے ۔