خانیوال : تنخواہیں نہ ملنے پر خاکروبوں کی ہڑتال

Protest

Protest

خانیوال (راشد ملک) تنخواہیں نہ ملنے پر خاکروبوں کی ہڑتال، ڈسٹرکٹ ہسپتال میں گندگی کے ڈھیر خاکروبوں کا احتجاجی مظاہرہ، نعرے بازی، وزیر اعلی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق خانیوال ڈسٹرکٹ ہسپتال کی تین شفٹو ںمیں صفائی کرنے والے درجنوںملازمین کو دو ماہ سے ٹھیکیدار ریاض بلوچ نے تنخواہیں نہیںادا کیں جس پر ملازمین کا ٹھیکیدار کے خلاف ڈسٹرکٹ ہسپتال کے مین گیٹ کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین کامران ،زین ،طارق ،رحمن ،زاہد ،رضوان ،ریاض ،شاہد ،جاوید ،ساجد ودیگر نے بتایا کہ دو ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہونے پر ہمارے گھروں میں فاقے اور چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ۔اب توہمیں اشیائے خورد ونوش کوئی ادھار بھی نہیں دیتا ۔گزشتہ چار سالوں سے ہم کام کررہے ہیں ہمیں وقت پر تنخواہ نہیں دی جاتی اور نہ ہی ہمیں کوئی چھٹی دی جاتی ہے۔

اگر ہم چھٹی کر لیں تو اس کے پیسے کاٹ لیے جاتے ہیں ۔جبکہ حکومت نے مزدور کی تنخواہ کم از کم 14000روپے کا اعلان کیا لیکن خانیوال ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ٹھیکیدارریاض بلوچ کی من مانی کے باعث ہمیں 7سے 8ہزار روپے تنخواہ دیتا ہے اور وہ بھی لیٹ اور ہمیں مستقل نہیں کیا جارہا جو ہمارے ساتھ سراسر زیادتی ہے اور ہمیں ٹھیکیدار تنخواہیں وقت پر نہیں دیتا جس سے ہمیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

مظاہرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹھیکیداری نظام کو ختم کیا جائے ہمیں پرماننٹ کیا جائے اور ہر ماہ کی یکم تاریخ کو تنخواہوں کی ادائیگی کی جائے۔

یادرہے کہ گزشتہ روز خاکروبوں کے احتجاج کے باعث صفائی نہ ہونے سے ڈسٹرکٹ ہسپتال میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے اور ایمرجنسی وارڈ میں شدید تعفن اور بدبو کے باعث مریضوں کا وہاں بیٹھنا ناممکن ہوگیا ۔اس صورتحال سے ڈسٹرکٹ ہسپتال کا عملہ بھی پریشان رہا۔

راشد ملک خانیوال
0306-5678287
15-08-2016