خواجہ آصف کا کے الیکٹرک کا معاملہ سپریم کورٹ لے جانے کا اعلان

Khawaja Asif

Khawaja Asif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیرپانی و بجلی خواجہ آصف نے اعلان کیا ہے کہ کے الیکٹرک کے معاملے کو سپریم کورٹ میں لے جارہے ہیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہارخیال کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہمارا کسی نجی ادارے کو دوبارہ حکومتی تحویل میں لینے کا مقصد نہیں جب کہ کے الیکٹرک کے ساتھ اب تک نیا معاہدہ نہیں ہوا اور کراچی کے عوام کی ضروریات کے مطابق ہی کے الیکٹرک کے ساتھ نیا معاہدہ ہوگا تاہم معاملہ اس نہج کو پہنچ چکا ہے کہ ہم اس مسئلے کو سپریم کورٹ میں لے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں گرمی کی شدت سے ہلاکتوں کی بنیادی ذمہ دار صوبائی حکومت ہے اس لئے دھرنا دینے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا سندھ حکومت کو ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی، کراچی میں 70 فیصد اموات محنت مزدوری کرنے والوں کی ہوئیں، عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے اس لئے دھرنا دینے سے مسائل حل نہیں ہوتے سندھ حکومت کو اپنے فرائض انجام دینے چاہیئں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جس شہر میں قبرستانوں کی چائنہ کٹنگ شروع ہوجائے تو وہاں مردے کہاں جائیں گے جب قبرستانوں پر ہاؤسنگ سوسائٹی بننا شروع ہوجائے تو مردوں کو کیسے جگہ ملےگی اس لئے صوبائی حکومت کو قبرستانوں کے لئے بھی بجٹ میں فنڈز مختص کرنا چاہیئے۔