خورشید شاہ کو فون، پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے چیف جسٹس کو جلد بھیج دیا جائیگا: اسحاق ڈار

Ishaq Dar

Ishaq Dar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو فون کیا ہے اور انہیں پانامہ لیکس کی تحقیقات سے متعلق چیف جسٹس کو خط لکھنے کے بارے میں آگاہ کیا۔ اسحاق ڈا ر نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کے مطالبے پر چیف جسٹس سپریم کورٹ کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ملک اس وقت سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا ،حکومت نے پانامہ لیکس پر اپوزیشن کے مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے چیف جسٹس کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے جو جلدہی ارسال کر دیا جائیگا۔

خورشید شاہ نے حکومتی فیصلے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ پانامہ لیکس ملکی نہیں بین الاقوامی مسئلہ بن چکا ہے جس کی شفاف تحقیقات ضروری ہیں۔ دریں اثناءخورشید شاہ نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو ٹیلی فون کیا، دونوں رہنماﺅں نے موجودہ ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

سراج الحق نے کہا سپریم کورٹ ہی مسئلے کا حل نکال سکتی ہے، اپوزیشن کی طرف سے بھی سپریم کورٹ کو پانامہ لیکس کی تحقیقات کی اپیل کی جائے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرح اپوزیشن بھی سپریم کورٹ کو خط لکھے سپریم کورٹ پر پوری قوم کو اعتماد ہے۔