خیبر ایجنسی اور چارسدہ جھڑپوں میں 8 دہشتگرد ہلاک، 3 سکیورٹی اہلکار شہید

Pak Army

Pak Army

اسلام آباد (جیوڈیسک) خیبر ایجنسی میں افغانستان سے دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ اور شبقدر میں ایف سی ٹریننگ سینٹر میں گھسنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ سیکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی میں دو خودکش بمباروں سمیت آٹھ دہشت گرد مارے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ملک دشمنوں کی تخریبی کارروائیاں ، خیبر ایجنسی میں سرحد پار سے حملہ اور شبقدر میں ایف سی ٹریننگ سینٹر میں گھسنے کی کوشش سکیورٹی فورسز نے نا کام بنادی ، پاف فوج کی بھرپور اور بروقت جوابی کارروائی میں 2 خودکش بمباروں سمیت 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ، تین ایف سی اہلکار وطن پر قربان ہوگئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق خیبر ایجنسی میں افغانستان سے دہشت گردوں نے ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ اہلکاروں نے جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 2 ایف سی جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔جبکہ تحصیل چارسدہ کے علاقے شبقدر میں دہشت گردوں نے ایف سی ٹریننگ سینٹر میں گھسنے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی اہلکاروں نے ناکام بنا دیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں 2 خودکش بمبار ہلاک جبکہ ایک ایف سی اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔