خیبر ایجنسی میں چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ، سپاہی وقاص شہید

Waqas

Waqas

خیبر ایجنسی (جیوڈیسک) پاکستانی چوکی پر دہشتگردوں کی سرحد پار فائرنگ سے زخمی سپاہی وقاص شہید ہو گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سپاہی وقاص پاک افغان سرحد پر فرائض انجام دے رہا تھا۔

زخمی جوان کو فوری طور پر سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔ سپاہی وقاص کی نماز جنازہ کور ہیڈ کوارٹرز پشاور میں ادا کر دی گئی ہے جس میں کور کمانڈر پشاور، آئی جی ایف سی، چیف سیکرٹری کے پی اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مادر وطن کی سلامتی کے لئے سپاہی وقاص کی قربانی کو سراہتے ہوئے اسے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کمزور افغان سرحدی نظام کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ دہشت گردوں نے افغانستان کی طرف سے سیکیورٹی موثر نہ ہونے پر چوکی کو نشانہ بنایا۔ افغان سرحد پر دہشتگردوں کی نقل وحرکت پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔