خیبرایجنسی میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی مکمل کر لی گئی ہے، ترجمان پاک فوج

Asim Saleem Bajwa

Asim Saleem Bajwa

راولپنڈی (جیوڈیسک) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی مکمل کر لی گئی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ آپریشن ضربِ عضب کامیابی سے جاری ہے، اس کے ساتھ ساتھ ہمیں طے شدہ اہداف بھی حاصل ہو رہے ہیں۔ ہم اسے جتنا جلدی ممکن ہو مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ خیبر ایجنسی سے دہشت گردوں پسندوں کو بے دخل کردیا گیا ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان آپریشن ضرب عضب شروع ہونے پر شوال دہشت گردوں کا گڑھ بن گیا تھا۔ شوال کے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں آپریشن ضرب عضب کی ابتدائی کارروائی کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے مزاحمت کی ہے اور ان کی جانب سے مزید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ شوال اور دتہ خیل کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لئے کارروائی جاری ہے۔

میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کے آغاز پر افغان حکام کو اطلاع فراہم کئے جانے کے باوجود افغانستان فرار ہونے والے دہشت گردوں کو نہیں روکا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم شمالی وزیرستان کے متاثرین کی ان کے آبائی علاقوں میں جلد واپسی چاہتے ہیں ، اس سلسلے میں حکومت نے رواں بجٹ میں رقم بھی مختص کی ہے۔ عن قریب متاثرین کی واپسی میں تیزی آئے گی۔