خیبر پختونخوا حکومت کا تختہ الٹنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں: فضل الرحمان

Maulana Fazlur Rehman

Maulana Fazlur Rehman

لاہور (جیوڈیسک) مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ خیبر پختوانخوا سے تحریک انصاف کی اپنی لیکس آئی ہیں لیکن خیبر پختونخوا حکومت کی کرپشن پر تحریک انصاف دوہرا معیار اپنائے ہوئے ہے۔

عمران خان وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں حالانکہ ان کی اپنی آف شور کمپنیاں ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کا تختہ الٹنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔ خیبرپختونخوا میں حکومت بنانے کی تجویز دی تھی ن لیگ نے تجویز نہیں مانی۔ ن لیگ کا موقف تھا کہ تحریک انصاف خود ایکسپوز ہو گی۔ عمران خان تو ایکسپوز ہو گئے لیکن نقصان صوبے کا کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی پنجاب اور سندھ کی سوچ الگ ہے۔ پیپلز پارٹی کو اپنی حکمت عملی پر غور کرنا چاہیئے۔ پیپلز پارٹی پنجاب کو خدشہ ہے کہ وہ نرم پڑے تو عوام سمجھے گی کہ پی ٹی آئی حقیقی اپوزیشن ہے۔ پیپلز پارٹی پنجاب میں بطور اپوزیشن جماعت اپنی ساکھ بچانے کیلئے تحریک انصاف کے پیچھے لگی ہے انہیں ڈر ہے کہ اگر عمران خان نے شروعات کی تو تاثر یہی جائے کہ پیپلز پارٹی ساکھ بچانے کیلئے ہاں میں ہاں ملا رہی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس کے ٹی او آرز بنانے کا اختیار وزیراعظم کو نہیں تو اپوزیشن کو کیسے ہے۔ اپوزیشن کے ٹی او آرز میں تضاد ہے حزب اختلاف چاہتی ہے کہ تحقیقات چیف جسٹس کریں اور ضوابط کار ان کی مرضی کے ہوں۔