پانچ کلومیٹر اونچی عمارت ہوا بھی صاف کرے گی

Building

Building

مٹیریل سائنس کمپنی آرکونک انکارپوریٹڈ نے ایک ایسی عمارت کا منصوبہ پیش کیا ہے جو 5 کلومیٹر بلند ہونے کے علاوہ خود کو اور ارد گرد کی ہوا کو صاف کرنے کے قابل بھی ہوگی۔مزید دلچسپ بات یہ ہے کہ اس عمارت میں دیواریں اور کھڑکیاں وغیرہ جدید ترین تھری ڈی پرنٹنگ کی مدد سے تعمیر کی جائیں گی۔ یعنی یہ صحیح معنوں میں جدت اور مضبوطی کا شاہکار ہوگی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ گزشتہ چالیس سال میں ٹیکنالوجی کی ترقی اور تعمیرات کے شعبے میں جدت سے اب یہ ممکن ہوگیا ہے کہ ایسی بہت اونچی عمارتیں بنائی جاسکیں جو پائیدار اور مضبوط ہونے کے علاوہ متحرک ڈیزائن بھی رکھتی ہوں۔

آرکونک اس عمارت کو ممکن بنانے کے لئے کئی اہم نظام وضع کرچکی ہے مثلاً کم وزن اور مضبوط ساختیں جن کی بدولت یہ عمارت 5 کلومیٹر بلند ہونے کے باوجود بھی خاصی ہلکی ہوگی۔ ان کے علاوہ دیوقامت تھری ڈی پرنٹروں سے دیواریں اور کھڑکیاں ‘‘چھاپنے ’’ میں ذہین مادوں کا استعمال بھی کیا جائے گا جو کم وزن ہونے کے علاوہ بیرونی اور اندرونی ماحول میں تبدیلی کے مطابق خود کو بدلنے کے قابل بھی ہوں گے۔

یہ مادّے آرکونک کمپنی کی تازہ ترین کامیابیوں میں شامل ہیں جو اپنے اطراف کی ہوا میں موجود آلودگی کے ذرات جذب کرتے ہوئے اسے صاف کرنے کی اضافی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

اس عمارت میں دفتروں اور فلیٹوں کی بالکونیاں بھی قابلِ حرکت ہوں گی جنہیں ضرورت پڑنے پر اندر کھسکایا جاسکے گا تاکہ شدید ہوا کی صورت میں عمارت کو زیادہ دباؤ کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔یہ تو نہیں معلوم کہ اس عمارت کی تعمیر کب اور کہاں ہوگی لیکن کمپنی کا کہنا ہے کہ اس پر کام بہت جلد شروع کردیا جائے گا۔