کوہاٹ اور ملتان میں ٹریفک حادثات میں میاں بیوی سمیت تین افراد جاں بحق

Traffic Accident

Traffic Accident

ملتان (جیوڈیسک) کوہاٹ اور ملتان میں ٹریفک کے دو مختلف حادثات میں میاں بیوی سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ بارہ زخمی ہو گئے، زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تیز رفتاری اور ڈرائیوروں کی غفلت کے باعث قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع معمول بن گیا۔ کوہاٹ میں راولپنڈی روڈ پر گنڈیالی کے قریب ٹینکر اور کار میں تصادم کے نتیجے میں میاں بیوی اور ان کاآٹھ سالہ بیٹا موقع پر جاں بحق ہو گیا، حادثے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے۔

بدقسمت خاندان راولپنڈی سے کوہاٹ آرہا تھا کہ ان کی گاڑی سامنے سے آنے والے ٹینکرسے ٹکر اگئی ،حادثے کے بعد ٹینکر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ دوسری طرف ملتان میں بستی لاڑ کے قریب جلال پور جانے والے والی تیز رفتار ویگن ٹرالر سے بچنے کی کوشش میں کار سے ٹکرا گئی۔

حادثے میں دو بچوں اور دو خواتین سمیت دس افراد زخمی ہو گئے۔ تین زخمیوں کو قریبی ہسپتال جبکہ سات کو نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔