بلدیہ کورنگی نے یوم عاشور پر ایمرجنسی انتظامات کو حتمی شکل دے دیا

DMC Korangi Karachi

DMC Korangi Karachi

کراچی : بلدیہ کورنگی کا یوم عاشور پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دے دیا گیا ،ضلع کورنگی کی حدود میں برآمد ہونے والے ماتمی و تازیہ جلوسوں کے راستوں پر صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات کی بہتری اور یوم عاشور پر جلوسوں کے روٹس پر سبیل ،استقبالیہ اور میڈیکل کیمپ قائم کیا جائیگا۔

چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا ،وائس چیئر مین رکن الدین تاج اور میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی امیر بخش جونیجو کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں ضلع کورنگی میں یوم عاشور پر یمرجنسی بلدیاتی انتظامات کو حتمی شکل دیا گیا اجلاس میں بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے سربراہان ،یونین کمیٹیز کے چیئر مینوں نے شرکت کی۔چیئر مین سید نیئر رضا اور وائس چیئر مین رکن الدین تاج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عاشورہ محرم کے موقع پر عوام کو مسائل سے پاک ماحول کا قیام یقینی بنا یا جائیگا۔

انہوں نے بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ 9اور 10محرم الحرام کو تمام امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی وستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنا نے کے ساتھ ساتھ منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ دیگر بلدیاتی انتظامات کو یقینی بنا یا جائے ۔چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے محکمہ انسداد تجاوزات سیل کو ہدایت کی ہے کہ ضلع کورنگی کے حدود میں ماتمی و تازیہ جلوسوں کے روٹس پر قائم تمام تر تجاوزات ،رکاوٹوں اور پارکنگ کو فی الفور ختم کیا جائے انہوں نے افسران و ملازمین کو تاکید کی ہے کہ یوم عاشور پر میونسپل سروسز کی فراہمی کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی اور غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔ چیئر مین سید نیئر رضا اور وائس چیئر مین رکن الدین تاج نے محکمہ ہیلتھ سروسز کو ہدایت کی ہے کہ 9اور 10محرم کو ضلع کورنگی کی حدود میں قائم تمام امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی وستھرائی کے ساتھ صحت مند ماحول کے قیام کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا جائے۔

پبلک ریلیشن آفیسر۔شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کراچی