بلدیہ کورنگی کے تحت عید میلاد النبی کے جلوسوں کے روٹس پر استر کاری کا آغاز

Shah Faisal Zone

Shah Faisal Zone

کراچی : بلدیہ کورنگی کے تحت عید میلاد النبی کے حوالے سے انتظامات تیز صفائی وستھرائی ،تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ روشنی کے انتظامات کی درستگی کے حوالے سے ضلع بھر میں انتظامات منتظمین کی باہمی مشاورت کے انجام دیئے جارہے ہیں بلدیہ کورنگی نے علماء اور منتظمین کی مشاورت کے ساتھ عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر برآمد ہونے والے مرکزی جلوسوں کے روٹس پر تعمیر و مرمت کے حوالے سے کام کا ہنگامی بنیادوں پر آغار کردیا۔

میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے متعلقہ افسران کے ہمراہ شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز میں عید میلاد النبی ۖ کے حوالے سے بلدیہ کورنگی کے تحت جاری انتظامات کا معائنہ کیا اس موقع پر انہوں نے مختلف علاقوں میں سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت مساجد و امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کی استرکاری کے کاموں کا بھی جائزہ لیا اس موقع پر میونسپل کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سڑکوں کی استرکاری کے کاموں کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے اور ترقیاتی امور میں استعمال ہونے والے میٹریل کا خیال رکھا جائے۔

عید میلاد النبی ۖ کے حوالے سے ضلع کورنگی میں جاری بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے محکمہ الیکٹریکل کو ہدایت کی کہ مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف اور عیدمیلاد النبی ۖ کے موقع پر برآمد ہونے والے جلوسوں اور محافل گاہوں کے اطراف تمام اسٹریٹ لائٹس کو آن رکھا جائے اس حوالے سے اسٹریٹ لائٹس کی درستگی کے کاموں کو ترجیح بنیادوں پر انجام دیا جائے عمران اسلم نے صفائی وستھرائی کے عمل کو مزید بہتر بنا نے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ انسداد تجاوزات سیل بلدیہ کورنگی کو ہدایت کی کہ ضلع کورنگی کی حدود میں شاہراہوں اور فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک بنایا جائے۔

خصوصاً عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر برآمد ہونے والے جلوسوں کے روٹس سے تجاوزات اور رکاوٹوں کا ہنگامی بنیادوں پر خاتمہ کیا جائے اس موقع پر مختلف علاقوں کے دورے پر میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے مرکزی جلوسوں کے منتظمین سے بھی ملاقات کی اور بلدیہ کورنگی کے زیر اہتمام جاری انتظامات پر تبادلہ خیال کیا ،منتظمین نے بلدیہ کورنگی کے تحت عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر جار ی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔