ایس ایس بی جشن آزادی ڈسٹرکٹ کورنگی شوٹنگ بال ٹورنامنٹ زاہد خان نیازی میموریل نے جیت لیا

Shooting Ball Tournament

Shooting Ball Tournament

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسپورٹس بورڈ کے تعاون کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقد ہونے والے ایس ایس بی جشن آزادی ڈسٹرکٹ کورنگی شوٹنگ بال ٹورنامنٹ جو واحد اسپورٹس شوٹنگ بال کمپلیکس کورنگی میں منعقد ہوا ، ٹورنامنٹ کا فائنل زاہد خان نیازی میموریل شوٹنگ بال کلب اور میزبان ٹیم واحداسپورٹس شوٹنگ بال کلب کے مابین کھیلا گیا فائنل کے مہمان خصوصی ضلع کورنگی کے مختیارکار خالد معارف تھے۔

مہمان خصوصی کی آمد پر شائقین نے ان کا شاندار استقبال کیا صدر کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن حاجی غلام محمد خان اور سیکریٹری کراچی محمد اجمل نے مہمان خصوصی کا دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا ، ٹیموں سے تعارف کے بعد فائنل کا آغاز ہوا ہوم کراوڈ میں کھیلنے والی میزبان ٹیم واحد اسپورٹس کلب نے میچ کے آغاز سے ہی مخالف ٹیم پر برتری حاصل کر لی اورفائنل میچ کا پہلا سیٹ واحد اسپورٹس کلب نے شاندار کھیل پیش کر کے 16-13 سے جیت لیا اور مخالف ٹیم پر ایک گیم کی سبقت حاصل کرلی لیکن فائنل میچ کے دوسرے سیٹ میں زاہد خان نیازی میموریل کے کھلاڑیوں نے عمدہ کمبی نیشن سے کھیلتے ہوئے 08-16 سے کامیابی حاصل کی اور مقابلہ برابر کر دیا۔

تیسرے اور فائنل سیٹ میں واحد اسپورٹس کے کھلاڑی نے جیت کے لیے سرتوڑ کوشش کی لیکن زاہد نیازی میموریل کے کھلاڑیوں نے اپنے شاندار کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور تیسرا سیٹ 10-16 سے جیت کر ایس ایس بی جشن آزادی ڈسٹرکٹ کورنگی شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کو جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا، ونر ٹیم کے وسیم عباس، اعجاز احمد، محمد اسماعیل، شمیم اور عبدالرحیم نے جبکہ رنر ٹیم کے رضوان، اویس خان اور خالد احمد نے شاندار کھیل پیش کیا فائنل کے اختتام پر مہمان خصوصی خالد معارف نے ونر ٹرافی اور دس ہزار کیش پرائز زاہد خان نیازی میموریل شوٹنگ بال کلب کے کپتان وسیم عباس کو اور رنر ٹرافی اور پانچ ہزار کیش پرائز واحد اسپورٹس شوٹنگ بال کلب کے کپتان اویس خان کو پیش کیا اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی خالد معارف نے ٹورنا منٹ کے شاندار انعقاد پر سندھ اسپورٹس بورڈ اور منتظمین کو مبارک باد پیش کی اور ضلعی انتظامیاں کورنگی کی جانب سے صحت مند سرگرمیوں اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

تقریب سے صدر کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن حاجی غلام محمد خان صدر ڈسٹرکٹ کورنگی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن راو رفاقت علی خان اور سیکریٹری کراچی شوٹنگ بال محمد اجمل نے بھی خطاب کیا اس موقع پر مختیارکار حیدر آباد نوید شیخ سرپرست کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن جاوید کیانی ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن بلدیہ کورنگی محمد ارشد نائب صدر سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن ایم شمیم قریشی نائب صدر کراچی شوٹنگ بال ملک فاروق اعوان نائب صدر ڈسٹرکٹ کورنگی قمرالاسلام پیارے کے ڈی اے شوٹنگ بال ٹیم کے منیجر طالب حسین سندھ جوڈو ایسوسی ایشن کے سیکریٹری محمد رفیق کراچی روک بال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری شعیب الحق اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں فائنل میچ کو یار محمد، حنیف خان، جاوید احمد اور خالد بروہی نے سپروئز کیا۔
جاری کردہ۔میڈیا کوارڈینٹر