کے ایم سی اور ڈی ایم سی کورنگی کے تحت قائم فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

Free Medical Camp Visit

Free Medical Camp Visit

کراچی : ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کہا ہے کہ وسائل اور اختیار کی پرواہ کئے بغیر شہر کی ترقی اور عوامی خدمت کا فریضہ انجام دیتے رہینگے، 100 روزہ تعمیر کراچی پروگرام شہر کو ترقی کے سفر پر ڈھالنے کا آغاز ہے انشا اللہ عوام کے تعاون کے ذریعے عوام کے منتخب نمائندوں کے ساتھ ملکر شہر کراچی سے مسائل کا خاتمہ اور عوام کو تعلیم ،صحت سمیت تمام بنیادی سہولیات اُن کی دہلیز تک پہنچا ئیں گے ،ڈپٹی میئر کراچی نے چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا اور اُن کی ٹیم کو 100روزہ تعمیر کراچی پروگرام کے تحت متعدد ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے ضلع کورنگی کی تعمیر و ترقی اور سچے جذبے کے ساتھ عوامی خدمت کو انجام دے رہے ہیں وہ نہ صرف لائق تحسین بلکہ قابل تقلید بھی ہے ڈپٹی میئر کراچی نے کہاکہ انشا اللہ سچے جذبے کے ساتھ خدمت رنگ لائے گی۔

ضلع کورنگی ترقی سے ہمکنار اور عوام مسائل سے چھٹکارہ حاصل کرینگے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا اور ایم پی اے عامر معین پیرزادہ کے ہمراہ کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور بلدیہ کورنگی کے اشتراک سے ماڈل پارک کورنگی نمبرساڑھے تین پر قائم کئے گئے ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کے تفصیلی دورے اور مختلف شعبوں کے معائنے کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے کہاکہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے والے ادارے ہوں یا افراد وہ معاشرے کے ماتھے کا جھومر اور ان کا شمار اللہ کے نیک بندوں میں ہوتا ہے انہوںنے فری میڈیکل کیمپ میں مختلف تنظیموں کی جانب سے عوام کو طبی سہولیات ،فری میڈیکل چیک اپ ،ادویات کی فراہمی کو سرا ہا۔

کے ایم سی اور ڈی ایم سی کورنگی کے تحت فری میڈیکل کیمپ میں ہزاروں افراد کے مفت طبی معائنے کے علاوہ مختلف امراض کے ٹیسٹ ،ادویات کی فراہمی کے علاوہ موتیا کا مفت آپریشن بھی کیا گیا ،ضلع کورنگی کی عوام نے فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کو میئر کراچی وسیم اختر ،ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ اور چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا کا احسن قدم قرار دیا۔

پبلک ریلیشن آفیسر