ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے آصف اسکول گرین ٹائون کے بچوں کو چھت فراہم کر دی

Quratulain Memon

Quratulain Memon

کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے شاہ فیصل زون میں آصف اسکول گرین ٹائون کے طلبہ کو چھت فراہم کردی ،آصف اسکول گرین ٹائون جسے لینڈ مافیا نے اپنے قبضے کی ہوس کا نشانہ بنا کر اسکول کی عمارت کو مسمار کردیا تھا جس کی وجہ سے بچے کھلے اسمان تلے علم حاصل کررہے تھے ایڈمنسٹریٹر قرة العین میمن نے اسکول کے بچوں اور اساتذہ کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی ذاتی کاوشوں سے اسکول کی عمارت کی تعمیر کا آغاز کردیا تاکہ بچے محفوظ ماحول میں علم کا حصول ممکن بنا سکیں۔

اسکول کی تعمیراتی کاموں کا معائنہ کرنے کے لئے ایڈمنسٹریٹر قرہ العین میمن آصف اسکول گرین ٹائون پہنچی تو اسکول کے طلباء و طالبات اوراساتذہ نے ان کا پر تباک استقبال کیا اس موقع پر طلباء و طالبات ،اساتذہ اور والدین نے اسکول میں کلاس روم کی تعمیر اور بچوں کو چھت فراہم کرنے پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے اسکول کے طلباء و طالبات ،اساتذہ اور موقع پر موجود والدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوامی تعاون کے ذریعے آصف اسکول گرین ٹائون کو مثالی درسگاہ بنا یا جائیگا

انہوں نے کہاکہ اسکولوں کی تعمیر و ترقی اور علم کے حصول میں سرگرداں ہمارے مستقبل کے معماروں کو سہولت فراہم کرنا بھی عبادت ہے ایڈمنسٹریٹر قرة العین میمن نے کہاکہ یہ افسوس کا امر ہے کہ قبضہ مافیا درسگاہوں پر بھی قبضہ کرنے سے باز نہیں آتے انہوں نے کہاکہ سرکاری اراضی خصوصاً اسکولوں اور پبلک پراپرٹیز پر قبضہ کرنے والے معاشرے کا ناسور ہیں ان کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کی جانی چاہیئے انہوں نے اساتذہ ،والدین اور علاقہ عمائدین سے درخواست کی وہ اپنے علاقوں میں درسگاہوں کے معیار کی بہتری کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات کے ساتھ خود بھی اپنا حصہ ڈالیں

تاکہ تعلیمی نظام کے ساتھ تعلیمی معیار کو بھی بہتر بنا یا جاسکے بعد ازاں اسکول میں زیر تعلیم بچوں کے والدین اور علاقہ معززین و عوام نے آصف اسکول میں بچوں کو چھت کی فراہمی اور اسکول میں کلاس رومز کی تعمیر پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن اور اُن کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔