بلدیہ کورنگی میں متوقع برسات کے پیش نظر میونسپل ایمرجنسی کا نفاذ

DMC KORANGI

DMC KORANGI

کراچی : صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو کی ہدایت پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے متوقع برسات کے پیش نظر دوران برسات عوام کو بلا تعطل سہولیات کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام وک بہتر بنا نے کے لئے بلدیہ کورنگی میں میونسپل ایمرجنسی کا نفاذ کرتے ہوئے بلدیہ کورنگی کے تینوں زونز شاہ فیصل، کورنگی اور لانڈھی زونز کے تمام محکموں کے افسران وملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرکے مرکز شکایات کو فعال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ متوقع برسات کے پیش نظر دوران برسات بروقت بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور مسائل سے پاک معاشرے کے قیام کے لئے تمام دستیاب مشنری کو آن روڈز اور عملے کو الرٹ رکھا جائے ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے گزشتہ روز ہونے والی برسات کے بعد ضلع کورنگی میں صحت مند ماحول اور برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر جاری کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ برساتی پانی کی باآسانی نکاسی کو یقینی بنا نے کے لئے برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے جاری انتظامات کو تیز کیا جائے اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے باہمی تعاون اور مشاورت کے ساتھ سیوریج فلو کو درست بنا یا جائے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے محکمہ ہیلتھ سروسز کو ہدایت کی کہ دوران برسات صفائی وستھرائی کے حوالے سے علاقائی سطح پر انتظامات بہتر بنائے جائیں۔