بلدیہ کورنگی کا ضلع میں تعلیمی اداروں کے تحفظ کے لئے فول پروف حفاظتی انتظامات کے لئے لائحہ عمل تیار

Security Arrangements Meeting

Security Arrangements Meeting

کراچی : بلدیہ کورنگی کا ضلع میں تعلیمی اداروں کے تحفظ کے لئے فول پروف سیکورٹی اور تعلیمی معیار کی بہتری کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کرلیا گیا ،بلدیہ عظمیٰ کراچی سے ڈی ایم سی کورنگی کو منتقل ہونے والے اسکولوں میں سہولت کے ساتھ تعلیمی معیار کو بہتر بنا نے کے حوالے سے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول کی صدارت میں منعقد ایجوکیشن افسران کے اجلاس میں تمام امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے کہا کہ عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی میں تعمیر وترقی کے ساتھ بلدیہ کورنگی کے زیر انتظام اسکولوں میں تعلیمی معیار کی بہتری اور درسگاہوں کے تحفظ کو یقینی بنا یا جائیگا انہوں نے اساتذہ اکرام اور ایجوکیشن افسران کو ہدایت کی کہ علاقائی عمائدین اور والدین کی باہمی تجاویز پر عمل درآمد کرتے ہوئے بلدیہ کورنگی کے تعلیمی اداروں میں تعلیمی معیار اور سیکورٹی انتظامات کو بہتر بنا یا جائے ایڈمنسٹریٹر غلام رسول نے ایجوکیشن افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی وزیر بلدیات کی خصوصی ہدایت پر درسگاہوں کی تعمیر وترقی اور حفاظتی انتظامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بلدیہ کورنگی کے تحت اسکولوں میں تعلیمی معیار کو بہتر بنا نے کے لئے انقلابی اصلاحات پر عمل کرتے ہوئے مثالی درسگاہ بنا یا جائیگا اور انشا اللہ باہمی ٹیم ورک اور عوامی تعاون کے ذریعے بلدیہ کورنگی کے تحت اسکولوں کو مثالی بناکر ضلع کورنگی میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کی تفریق کا خاتمہ کیا جائیگا ۔ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے ایجوکیشن افسران کو ہدایت کی کہ اسکولوں کا سروے کرکے اس کی مفصل رپورٹ تیار کریں اور تمام اسکولوں کو سہولت سے آراستہ کرنے کے لئے اپنی تمام تر کاوشوں کو بروئے کار لائیں۔