بلدیہ کورنگی کا ریلوے ٹریک کے اطراف کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کے خلاف کاروائی کا اعلان

Karachi News

Karachi News

کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن کی ہدایت پر شاہ فیصل زون کی جانب سے ریلوے ٹریک کے اطراف اور ائر پورٹ ریلوے اسٹیشن کو نیٹ اینڈ کلین بنا دیا گیا ،گزشتہ دو روز کے دوران ریلوے ٹریک کے اطراف جاری خصوصی صفائی مہم کے دوران شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی محکمہ ہیلتھ سروسز کی جانب سے ٹریک کے اطراف اور ائر پورٹ ریلوے اسٹیشن اور گرین ٹائون ،موریہ خان گوٹھ کی آبادیوں سے سینکڑوں ٹن کچرا ،ملبہ اور مٹی کے ڈھیروں کو اُٹھا کر ٹھکانے لگا دیا گیا۔

ریلوے ٹریک کے اطراف صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کے قیام اور کچرے کو آگ لگا کر قدرتی ماحول کو آلودہ کرنے کے حوالے سے عوامی شکایات پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے محکمہ ہیلتھ سروسز بلدیہ کورنگی کو ہدایت کی ہے کہ ریلوے ٹریک کے اطراف کوڑا کرکٹ پھینکنے اور کچرے کو آگ لگا نے کی روک تھام کے حوالے سے موثر اقدامات کرنے اور ایسے عناصر کی سرکوبی کے لئے سخت قانونی کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔

ایڈمنسٹریٹر قرة العین میمن نے ریلوے ٹریک کے اطراف رہائشی آبادیوں کے مکینوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ریلوے ٹریک کے اطراف کوڑا کرکٹ ،مٹی و ملبے پھینکنے سے گریز کریں اور ایسا کرنے والوں کی روک تھام کے لئے بلدیہ کورنگی سے تعاون کریں انہوں نے کہاکہ ضلع کورنگی میں آلودگی کے خاتمے اور صاف ستھرا صحت مند ماحول کا قیام عوامی تعاون کے ذریعے یقینی بنا نے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں عوام عملے سے تعاون کریں باہمی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کے چپے چپے کو آلودگی سے پاک اور صحت مند ماحول قائم کرنے کے لئے ہم اہنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔