خیبر پختونخوا :تعلیمی ادارے حفاظتی انتظامات کریں ورنہ کارروائی ہوگی، اپیکس کمیٹی

Pakistan KPK Apex Committee

Pakistan KPK Apex Committee

پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا کے تعلیمی ادارے خبردار ہوجائیں۔ صوبائی ایپکس کمیٹی نے کہا ہے کہ تمام تعلیمی ادارے اپنے حفاظتی انتظامات مکمل کرلیں ورنہ ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پرحملے سے بننے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ خیبرپختونخوا کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وفاق سے سفارش کی گئی ہے کہ وہ پولیس اورفرنٹیئرکانسٹیبلری کی استعداد بڑھانے کے لئے صوبے کی مدد کرے۔

اجلاس میں یونیورسٹی پرحملے کی تحقیقات کیلئے کمشنر پشاور کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ گورنرخیبرپختونخواسردارمہتاب احمد خان کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ پرویزخٹک، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان، چیف سیکرٹری امجدعلی خان اورقانون نافذکرنے والے اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس میں چارسدہ یونیورسٹی پرحملے کے تناظرمیں تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حملے کے سہولت کاروں کی نشاندہی پر مؤثرکارروائی عمل میں لائی گئی ہے اورقاتلوں کو ہرصورت قانون کے کٹہرے میں کھڑاکیا جائے گا۔

اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد اورصوبے و فاٹا میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ایپکس کمیٹی میں یونیورسٹی پرحملے کی تحقیقات کے لئے کمشنرپشاورکی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا جوپانچ دن کے اندراندراپنی رپورٹ مرتب کرے گی جبکہ اس رپورٹ کی روشنی میں ذمے داروں کی سزاؤں کا تعین بھی کیا جائےگا۔