خیبر پختونخوا کی ٹیم نے پاکستان کپ جیت لیا

Ahmad Shahzad

Ahmad Shahzad

فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان کپ کے فائنل میچ میں خیبر پختونخوا کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے پنجاب کو جیت کیلئے 312 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پنجاب کے کھلاڑی مطلوبہ ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہے اور کوئی بھی اچھی کارکردگی نہ دکھا سکا۔

پنجاب کی پوری ٹیم چھتیس اعشاریہ ایک اوور میں 160 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ یوں خیبر پختونخوا نے 151 رنز سے جیت اپنے نام کی۔ پنجاب کی جانب سے شان مسعود واحد بلے باز تھے جنہوں نے 36 رنز کی بڑی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز چل ہی نہیں سکا۔ خیبر پختونخوا کی جانب سے یاسر شاہ اور زوہیب خان نے تین، تین جبکہ ضیا الحق نے 2، محمد اصغر اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل کے پی کے کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ دونوں اوپنر بلے بازوں احمد شہزاد اور فخر زمان نے پراعتماد طریقے سے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔ خیبر پختوںخوا نے بغیر کسی نقصان کے 100 سے زائد رنز سکور کئے۔ خیبر پختونخوا کی 118 رنز پر پہلی وکٹ گری جب احمد شہزاد سٹمپ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ احمد شہزاد نے سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 62 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس کے بعد آنے والے کھلاڑی زوہیب خان زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 12 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ خیبر پختونخوا کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے جنہوں نے 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 115 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں فہیم اشرف 31، مصدق احمد 19 بسمہ اللہ خان پانچ جبکہ یاسر شاہ صرف 4 رنز بنا سکے۔ میچ کے آخری اوور میں پراعتماد طریقے سے بلے بازی کر رہے یونس خان بھی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔

انہوں نے 49 رنز کی اننگز کھیلی۔ پنجاب کی جانب سے عماد بٹ نے 3 وکٹیں حاصل کیں اور کامیاب گیند باز رہے۔ دیگر باؤلرز میں احسان عادل 2، جبکہ عامر یامین، کاشف بھٹی اور شعیب ملک نے ایک، وکٹ حاصل کی۔