جو نیا خیبرپختونخوا نہیں بنا سکے وہ نیا پاکستان کیا بنائیں گے: نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

ڈیرہ اسماعیل خان (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے مخالفین کے نصیب میں دھرنے ہیں ، دیتے رہیں جو نیا خیبرپختونخوا نہیں بنا سکے وہ نیا پاکستان کیا بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا دو ہزار اٹھارہ میں خیبر پختونخوا بھی ان کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔ وزیر اعظم نے دو ہزار اٹھارہ تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم ہونے کی نوید بھی سنائی۔

اپنے خطاب کے آغاز پر وزیراعظم نواز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ڈیرہ اسماعیل خان آنے کا بہت شوق تھا اورمیرا دل چاہتا ہے کہ میں اس علاقے کے لیے کچھ کر کے جاؤں۔ وزیراعظم نواز شریف نے ڈی آئی خان میں گیس سپلائی پائپ لائن کی افتتاحی تقریب کے بعد اپنے خطاب میں عمران خان کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ وزیر اعظم نے کہا مخالفین کے نصیب میں دھرنے ہیں وہ دھرنے دیتے رہیں، ہم اپنا کام کرتے رہیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے پنڈال میں بیٹھے لوگوں سے پو چھا بتائیں نیا پاکستان کہیں نزدیک نزدیک بن رہا ہے تو مجھے بھی دکھاؤ۔

وزیر اعظم نے ڈی آئی خان میں زرعی یونیوسٹی کے قیام اور بین الاقوامی پروازوں کو ممکن بنانے کے لئے ائیرپورٹ کی توسیع فوری شروع کرنے کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعظم نے کہا، مسلم لیگ (ن) اور جمیعت علمائے اسلام مل کر نیا پاکستان بنائیں گے۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم نے ڈیرہ اسماعیل خان کے لیے ایک زرعی یونیورسٹی کے اعلان کے ساتھ ساتھ 50 کروڑ روپے ترقیاتی فنڈ کا بھی اعلان کیا۔

گیس کی فراہمی کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیلوں کو 770 ملین روپے کا اعلان کیا گیا ۔ منصوبے کی تکمیل کے لیے 65 فیصد وفاق اور 35 فیصد نئے پاکستان والی حکومت دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ چشمہ بینک کنال دور رَس اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جو علاقے کی قسمت بدلنے کی صلاحیت رکھا ہے جس سے 3 لاکھ ایکڑ رقبہ سیراب ہوگا اور جس کی قیمت 120 ارپ روپے ہے،انھوں نے یہ منصوبہ بھی مولانا صاحب پر قربان کرنے کا اعلان کیا۔

رتہ کلاچی سٹیڈیم میں جلسے کے موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، خیبر پختونخوا کے گورنر اقبال ظفر جھگڑا، وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اکرم خان درانی اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولانا لطف الرحمٰن بھی موجود تھے۔