یوم مزدور کے مناسبت سے رحیم آباد سے مینگورہ چوک تک ریلی کا انعقاد کیا گیا

Labor Day

Labor Day

مینگورہ : یوم مزدور کے مناسبت سے رحیم آباد سے مینگورہ چوک تک ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی کی قیادت متحدہ لیبر فیڈریشن کے رہنمائوں عبدالودود خان، معراج النبی، فقیر لالہ، محمد نبی، عبدالحمید، اجملی خان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ ملازمین کے تنخواہیں اور مزدوروں کو بورڈ سے ملنے والے مراعات، جہیز گرانٹ فوتگی گرانٹ اور سکالر شپ پندرہ مئی تک ادائیگیاں نہ کرائی گئیں تو متحدہ لیبر فیڈریشن چیئرمین بورڈ سمیت ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تمام دفاتر کو تالے لگانے جیسے اقدام سے دریغ نہیں کریگی۔

ان خیالات کااظہار سوات مینگورہ میں مزدوروں کے عالمی دن یوم مئی کے تقریب سے متحدہ لیبرفیڈریشن کے صوبائی قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں صوبہ بھر سے متحدہ لیبر فیڈریشن سے ملحقہ تنظیموں نے شرکت کی ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس بات پر شدید افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت مزدوروں کے مسائل حل کرنے میں ٹوٹلی ناکام رہی ہے ، ورکر ز ویلفیئر بورڈ کے تعلیمی اداروں سے منسلک ملازمین عرصہ ایک سال سے تنخواہوں سے اور مزدوروں کے بچے تعلیم سے محروم ہیں ، جس کی وجہ سے بورڈ کے زیر سایہ چلنے والے سکولوں سے بچوں کو نکالنے پر مجبور ہیں بچوں کو سکالر شپ ، بچیوں کاجہیز گرانٹ اور فوت شدہ مزدوروں کے لواحقین کو ادائیگیاں عرصہ بورڈ اور فنڈ انتظامیہ کے ہٹ دھرمی اور سرد مہری کی نذر ہیں صوبے بھر کے اکثریتی کارخانے بیگار کیمپ بن گئے ہیں۔

اکثریتی کارخانوں میں اوقات کار کم از کم اجرت ، سوشل سکیورٹی ، ای او بی آئی جیسے قوانین مذاق بن گئے ہیں متعلقہ ادارے محض تماشائی بنے بیٹھے ہیں یہ صورتحال مزدوروں کے لئے ناقابل برداشت ہے ، حکومت فی الفور ان مسائل کے حل کے لئے ہنگامی اقدامات عمل میں لائے بہ صورت دیگر متحدہ لیبر فیڈریشن متعلقہ دفاتر کو تالے لگانے اور بھرپور احتجاج کرنے پرمجبور ہوگی ، تقریب سے فیڈریشن کے رہنمائوں عبدالودود خان ، معراج النبی ، فقیر حسین لالہ ، محمد نبی ، عبدالحمید ،اجملی کان ، سید لیاقت باچہ ولی محمد ، شاہ دوران ، اور امداد حسین سمیت صوبائی صدر محمداقبال نے خطاب کیا بعد ازاں مزدوروں نے رحیم آباد سے مینگورہ چوک تک جلوس نکالا اور اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرہ بازی کی۔