لاہور: ملزم مصطفی کانجو کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری

 Mustafa Kanju

Mustafa Kanju

لاہور (جیوڈیسک) مقامی عدالت نے بغیر لائسنس کلاشنکوف رکھنے کے مقدمے میں پیش نہ ہونے پر ملزم مصطفیٰ کانجو کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے، عدالت نے ملزم کو گرفتار کر کے پیش کرنیکا حکم دے دیا۔

مصطفیٰ کانجو طالب علم زین قتل کیس میں ملزم تھا،اس پر بغیر لائسنس کلاشنکوف سے فائرنگ کرنے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا، مقدمے کی جوڈیشل مجسٹریٹ اکرم آزاد کی عدالت میں سماعت کی گئی۔تفتیشی افسرنے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم مصطفی کانجونے بغیر لائسنسی کلاشنکوف سے فائرنگ کر کے راہ گیر طالبعلم زین کو قتل کیا۔

سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ ملزم اس مقدمے میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلیے عدالت میں حاضر نہیں ہوا۔ عدالت نے مصطفیٰ کانجو کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 5 جنوری تک ملتوی کردی اور پولیس کو آئندہ سماعت پر ملزم کو گرفتار کر کےپیش کرنے کا حکم دیا۔

اس سے پہلے ملزم مصطفیٰ کانجو کو انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے زین قتل کیس میں گواہوں کے منحرف ہونے پر بری کر دیا تھا ،اس فیصلے کو پنجاب حکومت نے لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔