لاہور ایئرپورٹ سے 20 کروڑ روپے کی غیرملکی کرنسی اسمگل کرنیکی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

Lahore Airport

Lahore Airport

لاہور (جیوڈیسک) انٹیلیجنس ادارے نے علامہ اقبال ایئرپورٹ سے 20 کروڑ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی دبئی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔

لاہور ایئرپورٹ پر غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے 623 کا مسافر ذیشان بٹ وزٹ ویزا پر اپنے گھر والوں کے ہمراہ دبئی جارہا تھا۔ ذیشان بٹ اے ایس ایف، اے این ایف اور کسٹم کے کاؤنٹر سے کلیئر ہوکر ڈیپارچر لاؤنچ میں بورڈنگ کارڈ کے حصول کے لئے قطار میں موجود تھا کہ انٹیلی جنس ادارے کے اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے اس کے سامان سے بھاری مقدار میں غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ذیشان بٹ سے 10 ہزار امریکی ڈالر،ساڑھے 3ہزار برطانوی پاؤنڈ، 14 لاکھ 54 ہزار یورو اور 15 لاکھ 91 ہزار یو اے ای درہم برآمد ہوئے ہیں، جس کی مالیت پاکستانی کرنسی میں 20 کروڑ روپے بنتی ہے۔ ملزم کا تعلق پنجاب کی ایک کاروباری شخصیت سے بتایا جارہا ہے جب کہ گزشتہ برس لاہور سے ہی کروڑوں روپے مالیت کا سونا دبئی اسمگل کرنے کی کوشش کے دوران حراست میں لیاجانے والا توفیق بٹ بھی اس کا رشتے دار کہا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس سپر ماڈل ایان علی کے قبضے سے 5 کروڑ روپے سے زائد کی غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی تھی۔